پاکستانی سفارتخانہ پیرس میں پاکستان کے یوم آزادی کی پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی گئی

جمعرات 14 اگست 2025 17:10

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام پاکستان کے یوم آزادی کی پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی گئی۔ فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے پاکستانی پرچم کو قومی ترانے کی دھن پر بلند کیا ۔ تقریب میں پاکستانی سفارتخانے کے اہلکاروں اور پاکستانی کمونٹی کے افراد بشمول بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

سفارت خانہ پاکستان پیرس کے ااعلامیہ کے مطابق اس موقع پر صدر مملکت ، وزیراعظم اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریب کے پروگرامز میں ملی نغمے اور دستاویزی فلمیں بھی شامل تھیں۔ بعد ازاں مہمان روایتی پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے قائداعظم کی قیادت میں تحریک پاکستان کے کارکنوں اور پاکستان کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے اساتذہ، کارکنوں، کسانوں، سائنسدانوں اور کاروباری افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔پاکستانی سفیر نے بھارت کی کھلی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص میں افواج پاکستان کی جرات اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے پاکستانی قوم میں فخر اور امید کا جذبہ تازہ کیا ہے اور دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستانی اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کا عزم اور طاقت رکھتے ہیں۔ انہوں نے فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی پاکستان کے ساتھ وابستگی اور پاکستان فرانس تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے متاثر کن تعاون کو بھی سراہا۔