#امن و امان قائم کرنا انٹرنیٹ یا بین الصوبائی بس سروس بند کرنے سے نہیں بلکہ سیاسی بصیرت انصاف قومی برابری اور اچھی گورننس سے ممکن ہے، نیشنل پارٹی

جمعرات 14 اگست 2025 18:50

%کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2025ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ امن و امان قائم کرنا انٹرنیٹ یا بین الصوبائی بس سروس بند کرنے سے نہیں بلکہ سیاسی بصیرت انصاف قومی برابری اور اچھی گورننس سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش اور عوام پر سفری پابندیاں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، اور یہ افسوسناک ہے کہ ریاست خود اس غیر آئینی اقدام کی مرتکب ہو رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کو ترقی تعلیم معیشت اور عوامی فلاح کا بنیادی ذریعہ سمجھا جا رہا ہے۔ عالمی ممالک نئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے انقلابی تبدیلیاں لانے میں مصروف عمل ہے جبکہ پاکستان میں انٹرنیٹ بند کر کے عوام کو پسماندگی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ رویہ نہ صرف حکومتی ناکامی کا بلکہ جدید دنیا سے پیچھے رہنے کا اعتراف بھی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سوشل میڈیا کو فتنہ قرار دینا دراصل اپنی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی پارلیمنٹ کی بالادستی آزاد عدلیہ اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کے حقوق محفوظ ہوں اور حکومت کو منفی و غیر منطقی بیانات کا سہارا نہ لینا پڑے۔