یوم آزادی پر بے روزگاری کے خاتمے کا عزم

نوجوانوں کو معقول روزگار فراہم کیا جائے گا،خالد نواز سدھرائچ کا قومی تعمیر نو میں کردار ادا کرنے کا اعلان

جمعرات 14 اگست 2025 19:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر نائٹ ہیومن مینجمنٹ (کے ایچ ایم)کے سی ای او خالد نواز سدھرائچ نے اعلان کیا ہے کہ قائد و اقبال کے ویژن کے تحت نوجوانوں کو معقول روزگار فراہم کر کے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کیا جائے گا، اور یہ کام ایک مشن اور جہاد کے طور پر جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

یوم آزادی کے موقع پر کے ایچ ایم کے مرکزی دفتر میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کا تحفظ محض خوشیاں منانے سے نہیں بلکہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے سے ممکن ہے۔ خالد نواز سدھرائچ نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ہمارے اسلاف نے جان، مال اور عزت کی قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا، اور آج کا دن ان قربانیوں کو یاد کرنے اور اللہ کا شکر ادا کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی کو عہد کرنا چاہیے کہ وہ کم از کم ایک پودا لگائے اور اسے پروان چڑھائے تاکہ پاکستان کے نام کو مزید سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔