Live Updates

انصاف لائرز فورم کی جانب سے سندھ بھر میں جشنِ آزادی پر حقیقی آزادی ریلیوں کا انعقاد

قائداعظم اور علامہ اقبال کا خواب اسلامی فلاحی ریاست ہے، جس کی تکمیل ابھی باقی ہے، حلیم عادل شیخ

جمعرات 14 اگست 2025 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)انصاف لائرز فورم کی جانب سے کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں کی بارز میں جشنِ آزادی کے موقع پر حقیقی آزادی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں عمران خان کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔سٹی کورٹ کراچی میں انصاف لائرز فورم کراچی کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر ایک پرعزم اور شاندار حقیقی آزادی مارچ کا اہتمام کیا گیا، جس کے ذریعے سندھ میں پاکستان تحریکِ انصاف کی جشن آزادی کی تقریبات کا باضابطہ آغاز ہوا۔

اس مارچ کی قیادت انصاف لائرز فورم کراچی ڈویژن کے صدر ایڈووکیٹ شجاعت علی خان اور جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ نصراللہ جلبانی نے کی۔حیدرآباد میں ایڈووکیٹ بھگوان داس بھیل کی قیادت میں حیدرآباد حقیقی آزادی ریلی نکالی گئی، جبکہ لاڑکانہ بار میں بھی انصاف لائرز فورم کی جانب سے شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

سٹی کارٹ کراچی میں انصاف لائرز فورم کی جانب سے نکالی جانے والی حقیقی آزادی مارچ میں سینئر اور نوجوان وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عمران خان کی رہائی، آئین کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور عوامی حقوق کے تحفظ پر پرجوش خطابات کیے۔

نمایاں شرکا میں ایڈووکیٹ ظہور محسود، بئریسٹر احسن عادل شیخ، ایڈووکیٹ خالد محمود، ایڈووکیٹ ریاض آفندی، ایڈووکیٹ منظور بھٹہ، ایڈووکیٹ ماہجبین، ایڈووکیٹ شعیب کھٹیاں، ایڈووکیٹ انور کمال، ایڈووکیٹ عبدالقیوم بنیری، ایڈووکیٹ مخدوم اکرم، ایڈووکیٹ خان زمان سمیت دیگر وکلا شامل تھے۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ شجاعت علی خان نے کہا آج ہم نے جشنِ آزادی کے موقع پر حقیقی آزادی مارچ کا انعقاد کیا ہے۔

ہم آئین کے محافظ ہیں اور جانتے ہیں کہ آئین ہمیں کون سے حقوق دیتا ہے۔ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد ہمارے حقوق سلب ہو چکے ہیں، اس لیے ہمیں اپنے حقوق کی بحالی، آئین کی سربلندی اور عمران خان کی رہائی کے لیے میدان میں نکلنا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے رہنماں کے کیسز میرٹ پر سنے جائیں، انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں اور ہمارا چھینا گیا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام بیدار ہو چکے ہیں اور عمران خان کے نظریے پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔وکلا سے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا آج رات دیر گئے ملینیم مال کراچی سے اور 14 اگست کو انصاف ہاس سے مزارِ قائد تک جشنِ آزادی کے سلسلے میں حقیقی آزادی ریلی نکالی جائے گی۔"انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے قوم متحد ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کا خواب ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست تھا جہاں آئین و قانون کی حکمرانی ہو اور ہر شہری کو برابری کا انصاف ملے۔ انہوں نے کہا کہ اس خواب کی حقیقی تعبیر ابھی باقی ہے اور اس کی تکمیل کے لیے قوم کے عظیم رہنما عمران خان حقیقی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات