ملک بھر کی طرح ضلع استور میں بھی یوم آزادی نہایت عقیدت واحترام سے منائی گئی

جمعرات 14 اگست 2025 22:50

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح ضلع استور میں بھی یوم آزادی نہایت عقیدت واحترام سے منائی گئی ۔ مرکزی تقریب ضلعی ہیڈ کوارٹر عیدگاہ میں منعقد ہوئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ،تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک ،قومی پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا۔

گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور جی بی پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی ۔اس موقع پر یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اویس عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست صرف ایک دن نہیں بلکہ ہماری آزادی، خودداری اور قربانیوں کا ایک عظیم دن ہے۔ انہوں نے مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور نوجوانوں کو وطن عزیز کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے پاکستان مسلم لیگ ن گلگلت بلتستان کے نائب صدر و سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل استور حبیب اللہ، پیپلز پارٹی ضلع استور کے صدر و سابق ایم ،پی اے عبدلحمید اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں استور بازار سے عیدگاہ پولو گراؤنڈ تک ریلی نکالی گئی۔ سکول کے بچوں نے پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد معرکہ حق زندہ باد کے نعرے لگائے ضلعی انتظامیہ نے فول پروف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے تھےضلع استور کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت قسم کی چیکنگ جاری تھی واضح رہے کہ ضلع استور کے ہیڈکوارٹر ایریا کو سبز ہلالی پرچم اور رنگ برنگ جھنڈیوں سے دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔