چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے ، ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ،وزیر اعظم

دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں اضافہ باعث اطمینان ہے ،ہماری خواہش ہے چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس لگائیں، چینی وفد سے گفتگو

جمعہ 15 اگست 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے ، دونوں ممالک ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ، دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں اضافہ باعث اطمینان ہے ،ہماری خواہش ہے چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس لگائیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی گارمنٹس گروپ ’’چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ‘‘کے وفد نے ملاقات کی وفد کی قیادت چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹیڈ کے چیئرمین ہوآنگ وئیگونے کی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے ، دونوں ممالک ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان چین-پاکستان دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی خواہاں ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں اضافہ باعث اطمینان ہے ،ہماری خواہش ہے کہ چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس لگائیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ چیلنج فیشن گروپ کے پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد کو سراہتے ہیں ،چیلنج گروپ کی جانب سے پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ شہبازشریف نے کہاکہ اس خصوصی اقتصادی زون کے ذریعے ٹیکنالوجی ٹرانسفر ، اسکل ڈویلپمنٹ اور پائیدار صنعتی ترقی میں مدد ملے گی ۔وزیراعظم نے خصوصی اقتصادی زون کے حوالے سے چیلنج گروپ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ہم چین-پاکستان اقتصادی راہداری کے صنعتی حصے کے فروغ کے لئے پر عزم ہیں ۔

شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان ٹیکسٹائل کے شعبے میں چین کی ترقی اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ جلد ہی چین میں چین -پاکستان بزنس -ٹو-بزنس کانفرنس منعقد کی جائے گی؛ یہ کانفرنس چین اور پاکستان کے نجی کاروباری اداروں کو اشتراک کا ایک موقع فراہم کرے گی۔چیئرمین چیلنج فیشن گروپ نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

چیئر مین چیلنج گ روپ نے کہاکہ چیلنج فیشن گروپ 2014 سے اب تک پاکستان میں 17 ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کر چکا ہے ،چیلنج فیشن گروپ پاکستان میں ایک جدید ٹیکسٹائل انڈسٹری قائم کر رہا ہے۔ ملاقات میں بریفنگ دی گئی کہ چیلنج فیشن گروپ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون قائم کر رہا ہے ۔ بتایاگیاکہ اس خصوصی اقتصادی زون سے 5 سالوں میں 100 ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس کے نتیجے میں 400 ملین امریکی ڈالرز کے برآمدات متوقع ہیں ۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم نے چیلنج گروپ خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح بھی کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطائ اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک ، وفاقی وزیر پاور ڈویڑن سردار اویس احمد لغاری ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔