بھارت نے کشمیریوں کا حقِ آزادی اور حقِ خودارادیت سلب کر رکھا ہے،سمعیہ ساجد

دس لاکھ سے زائد بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے

جمعہ 15 اگست 2025 15:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)مسلم کانفرنس خواتین وِنگ کی مرکزی چیئرپرسن اور کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) کی سربراہ سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کا حقِ آزادی اور حقِ خودارادیت سلب کر رکھا ہے، اس لیے اسے یومِ آزادی منانے کا کوئی اخلاقی یا قانونی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں کشمیری عوام کی جان، مال، عزت اور آبرو کسی طور محفوظ نہیں۔

سمعیہ ساجد نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نے معرکہء حق میں بھارت کے غرور اور تکبر کو خاک میں ملایا اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے اس اعلان کہکشمیرکے لیے ہندوستان سے ایک کیا دس جنگیں لڑنی پڑیں تو لڑیں گے آڑ پاڑ کشمیریوں کو نیا حوصلہ اور ولولہ دیا ہے، جسے افواج پاکستان نے اپنے عملی اقدامات سے سچ ثابت کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھی اس بات کو تسلیم کر رہی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل خطے کے دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری عوام بھارت کے یومِ جمہوریہ کے موقع پر یومِ سیاہ منا رہے ہیں تاکہ عالمی برادری کی توجہ بھارتی جبر، ریاستی دہشت گردی اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی مسلسل پامالی کی طرف دلائی جاسکے۔سمعیہ ساجد کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے 1947ء میں ہی پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کر کے یہ واضح پیغام دیا تھا کہ ان کی منزل پاکستان ہے لیکن بھارت نے فوجی طاقت کے ذریعے کشمیر پر قبضہ برقرار رکھا اور آج تک مظالم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود کشمیریوں نے حقِ خودارادیت سے کبھی دستبرداری اختیار نہیں کی۔انہوں نے کشمیری عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کو یومِ آزادی پاکستان بھرپور انداز میں مناکر کشمیریوں نے ایک بار پھر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کو ہی اپنی حتمی منزل سمجھتے ہیں۔