آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے بڑے تجارتی مرکزچناری بازار میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی

جمعہ 15 اگست 2025 21:07

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء)آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے بڑے تجارتی مرکزچناری بازار میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی،پانچ دوکانیں،پانچ گودام،لکڑی اور فرنیچر کے چار کارخانے جل کر خاکستر،کروڑوں روپے مالیت کا نقصان،فائر برگیڈ اور ریسکیو 1122 کی آگ پر قابوپر قابو پانے کے لیے گاڑیاں بروقت نہ پہنچنے پر عوام مشتعل۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات تقریباً ایک بجے شارٹ سرکٹ کے باعث چناری بازار میں آگ بھڑک اٹھی،جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پانچ دوکانوں،پانچ گوداموں،لکڑی اور فرنیچر کے چار کارخانوں کو جلا کر خاکستر کردیا،واقعہ کے تقریباً آدھ گھنٹہ کے بعد ریسکیو 1122 جہلم ویلی کی گاڑی چناری پہنچی،لیکن ریسکیو اہلکار پانی ختم ہونے کے باعث آگ پر قابو پانے میں ناکام رہے،بعد ازاں ریسکیو 1122 گڑھی ڈوپٹہ،اور میونسپل کارپوریشن فائر برگیڈ مظفرآباد کی گاڑیاں چناری پہنچی تو ریسکیو 1122 جہلم ویلی،گڑھی ڈوپٹہ اور میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کے اہلکاروں نے ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی بینش جرال،اسسٹنٹ کمشنر ہٹیاں بالا کامران خان،ڈی ایس پی ہٹیاں بالا راجہ عبدالخالق،نائب تحصیلدار ایاز چغتائی،ایس ایچ او چناری راجہ تحسین قیوم کی زیر نگرانی مشترکہ کوششیں کرتے ہوئے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد آگ پر قابو پاتے ہوئے دیگر دوکانوں اور محلہ کو جلنے سے بچا لیا،آتشزدگی کے واقعہ میں لوہر محلہ چناری کو بجلی سپلائی کرنے والی جنرل لائن کی تاریں ٹوٹ گئیں،جس کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا،جمعہ کے روزسیکرٹری برقیات آزاد کشمیر ارشاد قریشی اور ایکسین برقیات جہلم ویلی احتشام قریشی کی ہدایت پر سب انجینئر برقیات چناری ماجد اعوان نے معہ عملہ متبادل راستہ سے لوئر محلہ چناری کی بجلی بحال کردی جس پر لوہر محلہ کے مکینوں نے سیکرٹری برقیات آزاد کشمیر ارشاد قریشی،ایکسین برقیات جہلم ویلی احتشام قریشی، سب انجینئر برقیات چناری ماجد اعوان اور محکمہ برقیات کے عملہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کی ،چناری بازار آتشزدگی واقعہ میں متاثر ہونے والوں میں حافظ اعظم ولد رحمت اللہ،میر اکبر ولد سیف اللہ،محمد نواز،عمر کریم ولد عبدالکریم،صابر ولد میر زمان،محمود ولد احمد دین،راجہ آفتاب ولد محمد خان،محمد معروف،محمد نذیر ولد فیروز دین،راجہ محمد صدیق ولد مظفر دین،راجہ ارسلان ولد شربت حسین،راجہ سجاد حسین ولد شربت حسین شامل ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے چناری بازار آتشزدگی واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے فوری طور پر متاثرین آتشزدگی کی مالی مدد کا مطالبہ کیا ہے۔

۔۔۔۔۔