آزاد کشمیر بھر کی طرح جہلم ویلی میں بھی بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا

جمعہ 15 اگست 2025 21:39

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء)آزاد کشمیر بھر کی طرح جہلم ویلی میں بھی بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا، اس سلسلہ میں ہندوستان کے خلاف ریلی پل بازار سے ہٹیاں بالا پریس کلب تک نکالی گئی، ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی بینش جرال نے کی، ریلی میں چیئرمین ضلع کونسل طیب منظور کیانی،ایس پی جہلم ویلی سید عباس علی بھی شریک تھے، شرکاء کی بھارت مخالف شدید نعرہ بازی، ریلی میں سول سوسائٹی، علماء کرام، ضلعی انتظامیہ، طلباء وطالبات، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندہ گان، وکلاء ،تاجروں نے شرکت کی، اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 15 اگست بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر کشمیری اس کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، یہ کشمیرکی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن اس لیے ہے کہ گزشتہ 6 برس سے بھار ت نے کشمیریوں کو محصور کر کے ان کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر رکھا ہے، تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، کشمیریوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، بھارتی غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، بھارت بدترین مظالم ڈھا کر کشمیری عوام کو خاموش کروانا چاہتا ہے جب تک کشمیریوں کو ان کی منزل نہیں مل جاتی ہم ان کی حمایت جاری رکھیں گے، ہر فورم پر ان کا مقدمہ لڑیں گے مقررین نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت دیا جائے اس ظلم وستم اور تشدد کے بازار کو بند کیا جائے ،کشمیریوں کا ہر قدم آزادی کی طر ف بڑھتا نظر آرہا ہے، کشمیری مائوں، بہنوں اور بھائیوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے اور وہ پاکستان کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں یہ ریلی اور تقریب بھارت کی ریاستی دہشت گری اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جہدو جہد آزادی کی غیر مشروط حمایت جاری رکھیں گے اور دنیا بھر کے ضمیر رکھنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے، ہم پاک فوج کو اپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ،کشمیر کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا تھا اور مرتے دم تک ساتھ کھڑا رہے گا ،قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، انہوں نے کہاکہ 15 اگست بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی پاکستان کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گی،