محکمہ انسانی حقوق سندھ نے نوجوانوں کو انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کیلئے بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ، راجویر سنگھ سوڈھا

جمعہ 15 اگست 2025 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)محکمہ انسانی حقوق حکومت سندھ نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں ایک تقریب مقامی ہوٹل کراچی میں منعقد کی جس کی میزبانی وزیر اعلی کے مشیر برائے انسانی حقوق راجویر سنگھ سوڈھا نے کی۔ اس پروگرام میں انٹرنشپ پروگرام 202425 کے شرکا کو سرٹیفکیٹ اور وظائف اور سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ بھرتی ہونے والے محکمہ انسانی حقوق کے نئے مقرر کردہ افسران کو آفر لیٹرز بھی دئیے گئے۔

تقریب میں وزیر برائے سماجی تحفظ سرفراز راجڑ نے بطور مہمان اعزازی اور اقلیتوں کے امور اور صدر پی پی پی اقلیتی ونگ سندھ کے وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹر لال چند یوکرانی نے بھی خصوصی شرکت کی ۔ ان معززین نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے ، پیشہ ورانہ صلاحیت پیدا کرنے اور انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لئے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لئے محکمہ انسانی حقوق سندھ کے اقدامات کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجویر سنگھ سوڈھا نے انٹرنیز کی لگن کی تعریف کی ، نئے مقرر کردہ افسران کو مبارکباد پیش کی اور نچلی سطح پر انسانی حقوق کی وکالت کی اہمیت پر زور دیا۔ سرفراز راجڑ نے نئے افسران کو انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے محنت سے کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا جبکہ ڈاکٹر یوکرانی نے پائیدار پیشرفت میں تنوع ، رواداری اور برادری کی شرکت کی قدر پر زور دیا۔

محکمہ انسانی حقوق کے ڈائریکٹر آغا فخر حسین نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا ، ان کے تعاون پر اظہار تشکر کیا ، اور نوجوانوں کی شمولیت ، ادارہ جاتی ترقی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کے ذریعہ محکمہ کے انسانی حقوق کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا ۔ پروگرام میں انٹرنیز نے ملی نغمے بھی پیش کئے ۔ تقریب سے الطاف حسین کھوسو سی ای او پلس اور محترمہ علیزا سعید صوبائی کوآرڈینیٹر یوتھ اینڈ چلڈرن نے بھی خطاب کیا۔