اسپیکر قومی اسمبلی کا بارشوں اور سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعہ 15 اگست 2025 22:42

اسپیکر قومی اسمبلی کا بارشوں اور سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع خصوصاًً ضلع بونیر، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات ایک کڑی آزمائش ہیں اور ایسے مشکل وقت میں قومی یکجہتی اور باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔

اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے ان المناک سانحات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سانحات میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے متاثرہ علاقوں کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبے باہمی تعاون کے ذریعے متاثرین کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔

سردار ایاز صادق نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو مؤثر انداز میں جاری رکھیں اور متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی آفات سے بچاؤ اور نقصانات کو کم کرنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ریسکیو آپریشن اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کا حصہ لیں اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کو گزشتہ کئی سالوں سے موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کا سامنا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے سانحات میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور سانحات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔دریں اثناء اسپیکر قومی اسمبلی نے باجوڑ میں سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کیلئے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے لیے جانوں کو قربان کرنے والے قوم کے حقیقی ہیروز ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی کا ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار۔غم اور دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اسپیکر کی اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا۔