لانڈھی ٹائون کا عوام کو 3پارکوں کا تحفہ ، خدمت و دیانت سے کام کیا جائے تو وسائل کی کمی رکاوٹ نہیں بنتی ، منعم ظفر خان

ل میں 170سے زائد پارک بحال، 40 سے زائد سرکاری اسکول از سر نو تعمیر کر کے بہترین ماحول فراہم کیا،عوام کی خدمت اورکراچی کا مقدمہ لڑتے رہیں گے ، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی کا حق لے کر رہیں گے ،امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی آمد پر جگہ جگہ بھر پور استقبال کیا گیا ، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں،منعم ظفر نے پرچم کشائی بھی کی

جمعہ 15 اگست 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر لانڈھی ٹائون و کورنگی کے عوام کے لیے جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے 3پارکوں کا تحفہ اور 30ہزار اسکوائر فٹ سڑک کی استر کاری کے کام کی تکمیل اس امر کا ثبوت ہے کہ جب خدمت و دیانت اور نیک نیتی کے جذبے کے ساتھ کام کیا جائے تو اختیارات و وسائل کی کمی بھی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی ، جماعت اسلامی امید سے یقین کا سفر ، عوامی خدمت اور امانت و دیانت کا دوسرا نام ہے ، برسوں سے ویران پارک اور کھیل کے میدان آباد ہو رہے ہیں ، جن پارکوں میں کبھی کچرے کے ڈھیر ہوتے تھے آج وہاں روشنی ، ہریالی اور بچوں کی خوشیاں نظر آرہی ہیں ، ہم نے صرف 2سال کے عرصے میں 170سے زائد پارکوں کو بحال و آباد اور 40سے زائد سرکاری اسکول از سر نو تعمیر کر کے طلبہ و اساتذہ کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا ، ہمارا عزم ہے کہ کراچی کے عوام کو مایوس اور تنہا نہیں چھوڑیں گے ، عوام کی خدمت اور کراچی کا مقدمہ لڑتے رہیں گے ، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی کا حق لے کر رہیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لانڈھی ٹائون کے تحت یوسی 1اور یوسی 3میں 3پارکوں مصطفیٰ پارک ، محمد پارک اور حبیب پارک کے افتتاح کے موقع پر علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ،چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل ،وائس ٹائون چیئرمین محمد عمران ،یوسی چیئرمینز عبدالحفیظ ،نادر لودھی ،نور حسین،ناظم علاقہ قاسم ودیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

منعم ظفر خان نے تین پارکوں کی بحالی اور علاقہ مکینوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے لیے بہترین سہولت فراہم کرنے پر ٹائون اور یوسی کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ۔ علاقہ مکینوں نے بھی جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے اظہار تشکر کیا ، منعم ظفر خان کی آمد پر جگہ جگہ ان کا بھر پور استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں انہوں نے پرچم کشائی بھی کی اور پاکستان کا جھنڈا لہرایا ، منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم نے محدود وسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود صرف 2سال کے دوران اپنے 9ٹائونز میں جو ترقیاتی کام اور عوامی خدمت کی ہے وہ عوام کے سامنے ہے جبکہ حکومت و اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود ہم شہر بھر میں الخدمت بنو قابل پروجیکٹ کے تحت 50ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کر وا چکے ہیں ، یہ نوجوان آئی ٹی میں مہارت حاصل کر کے اپنے پیروں پر کھڑے ہو چکے ہیں ، یہ سب ہم نے اس یقین کے ساتھ کیا اور نوجوانوں کو بھی اعتماد دیا کہ علم کردار اور ہنر کے حامل نوجوان ہی پاکستان کا اصل سرمایہ اور طاقت ہیں ، منتخب بلدیاتی نمائندوں کی خدمات اور ہزاروں نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز جماعت اسلامی کی عوامی خدمت کا عملی اظہار ہے ، آج ہم جو پارک اور سڑکیں عوام کے حوالے کر رہے ہیں، یہ صرف آغاز ہے۔

ہمارا اصل ہدف ایک ایسا معاشرہ ہے جہاں ہر بچہ پڑھ سکے، ہر نوجوان باعزت روزگار پا سکے اور ہر خاندان محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکے۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ یوم آزادی اور ماہ ِ اگست ہمیں اس عظیم قربانی اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جو ایک نظریے کے تحت کی گئی،ہم نے صرف ایک خطہ ٴ زمین حاصل نہیں کیا بلکہ ایک مقصد کے لیے وطن بنایا، یہ مقصد زمین پر اللہ کا کلمہ بلند کرنا تھا،اسی کلمے کی بنیاد اور قوت نے برصغیر کے مسلمانوں کو یکجا کر کے ناممکن کو ممکن بنا دیا لیکن افسوس کہ آزادی کے بعد جاگیردار، وڈیرے اور کرپٹ طبقہ اقتدار پر مسلط ہو گیا ، پانی، بجلی، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتیں عوام سے چھینی گئیں۔

78 سال بعد بھی ہمارا نظام جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سیاستدانوں کے قبضے میں ہے،نظام وہی ہے،حکمرانوں کے چہرے بدلتے ہیں مگر عوام کی حالت نہیں بدلتی۔14 اگست کا حقیقی پیغام یہی ہے کہ ہم مایوسی کو شکست دیں، روشنی اور امید کو اپنائیں، اجتماعی جدوجہد کے ذریعے اس وطن کو تعمیر و ترقی کی راہ پر ڈالیںاور عزم کریں کہ ہم اس فرسودہ اور ظالمانہ نظام کو بدلیں گے۔