Live Updates

پاکستان میں 20سال میں ہر چیز کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ،انسان کی قدر میں کمی ہوئی ،لالہ یوسف خلجی

اتوار 17 اگست 2025 17:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ 15سے 20سال میں ہر چیز کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوا لیکن انسان کی قدر میں کمی ہوئی ہے اسوقت پاکستان میں کروڑوں افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ،حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت سرمایہ دار مزید امیر جبکہ غریبوں کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے اگر حکمرانوں نے اپنی پالیسیاں تبدیل نہ کی تو وہ دن دور نہیں جب شیشے کے گھروں میں بیٹھے حکمران بھی محفوظ نہیں ہونگے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ 15سے 20سالوں کے دوران ،پٹرولیم مصنوعات ، چینی ،آٹا ،گھی ، دالین ،سبزیاں ، پھل اوردیگراشیاء کی قیمتوں میں کئی سو گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ اسکے مقابلے میں انسان کی قدر کم ہوئی ہے آئے روز بے گناہ اور معصوم انسانوں کو بے دردی سے شہید کیا جاتا ہے اورکوئی پوچھنے والا نہیں ہے اور حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں جنہیں عوام سے کوئی لین دین نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث کروڑوں کی تعداد میں افراد غربت کی لکیرسے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور انہیں دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہے جبکہ حکمران طبقہ اپنی پارٹیوں پراربوں روپے خرچ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران بھی اپنی پالیسیاں سرمایہ داروں کوتحفظ دینے کیلئے ترتیب دیتے ہیں جس سے سرمایہ داروں کے سرمایے میں مزید اضافہ ہورہا ہے جبکہ غریب مزید غریب ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو وہ دور نہیں جب عوام کے ہاتھ اور حکمرانوں کا گلہ ہوگا اور شیشے کے گھروں میں بیٹھے حکمران بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات