میاں شہباز شریف اور مریم نواز شریف بہترین حکومت کر رہے ہیں،بابو لیلارام

اتوار 17 اگست 2025 19:00

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) مسلم لیگ (ن) مینارٹی ونگ کے سینیئر رہنماء، ممبر پنجاب آرگنائزر کمیٹی و ٹکٹ ہولڈر پنجاب اسمبلی بابو لیلارام نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ڈیڑھ سالہ حکومت کی کارکردگی شاندار اور لائق تحسین ہے۔ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار سے ثابت ہو رہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک و قوم کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بابولیلارام نے کہاکہ رحیم یار خان میں واسا کے قیام کے لیے چوہدری محمد جعفر اقبال سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی، ایم پی اے بیگم عشرت اشرف اور سابق ایم پی اے چوہدری محمد عمر جعفر کی جدوجہد قابلِ ستائش ہے۔ ان کی کاوشوں سے عوام کو پینے کے صاف پانی اور سیوریج کے جدید نظام کی سہولت میسر آئے گی۔

(جاری ہے)

بابو لیلارام نے اقلیتی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقلیتی قوم مکمل طور پر محب وطن ہے اور ملک کی ترقی و استحکام میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کے پی کے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے سینکڑوں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ پر پوری اقلیتی برادری غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ہمدردی و دعاؤں کا اظہار کرتی ہے۔\378