ملکی ترقی کیلئے امن، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے،احسن اقبال

اتوار 17 اگست 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چائنہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور گہرے ہو رہے ہیں۔ مذکورہ پراجیکٹ شعبہ صحت، ریسکیو اور دیگر شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی اور معاونت فراہم کرے گا۔وہ اتوار کو نارووال میں چین کے تعاون سے ہیلتھ سیکٹر کے نئے پراجیکٹ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

احسن اقبال نے کہا کہ آج کا دن صحت کے شعبے میں ’’ہیلتھ سلک روٹ‘‘ کے آغاز کا دن ہے جو پاکستان اور چین کے درمیان ایک نئی راہداری قائم کرے گا۔ یہ راہداری علم، ٹیکنالوجی اور ریسرچ پر مبنی ہوگی تاکہ دونوں ممالک صحت عامہ کے شعبے میں بھی ایک دوسرے کے تجربات اور وسائل سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اگر کسی نے اقتصادی ترقی کا معجزہ دکھایا ہے تو وہ چین ہے جس نے 80 کروڑ عوام کو غربت کی سطح سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر ڈالا۔

(جاری ہے)

پاکستان سی پیک جیسے منصوبوں کے ذریعے اس ترقیاتی سفر کو اپنے ملک میں منتقل کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے امن، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے، اسی صورت میں پاکستان بھی ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر پر گامزن ہو سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کا دن پوری قوم کے لیے خوشیوں کا پیغام ہے، اس سال کا جشنِ آزادی ہمارے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں دشمن کو جو سبق سکھایا گیا وہ نسلوں تک یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالی نے پاکستان کو ایک عظیم فتح سے نوازا جس پر پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔احسن اقبال نے خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہیلی کاپٹر حادثے اور سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم افسردہ ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نشانِ امتیاز ملنے کا اصل سہرا ان کے ووٹرز اور عوام کو جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ ان پر اعتماد کیا۔