۵پاکستان کی عسکری و سفارتی کامیابیاں عالمی منظرنامے پر نمایاں: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا خطاب

اتوار 17 اگست 2025 20:30

(لاہور (آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے عسکری اور سفارتی میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن کے عالمی سطح پر دور رس اور گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف عسکری محاذ پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ سفارتی سطح پر بھی اپنی پوزیشن کو مضبوط کیا، جسے عالمی برادری تسلیم کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار سپیکر ملک محمد احمد خاں نے ایک سیمینار سے خطاب کے دوران کیا، جس کا موضوع "بھارت پر پاکستان کی عسکری اور سفارتی فتوحات کے عالمی اثرات" تھا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم دفاعی اعتبار سے مضبوط اور سفارتی محاذ پر فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز اور مؤثر خارجہ پالیسی نے پاکستان کو دنیا کے سامنے ایک ذمہ دار اور مضبوط ملک کے طور پر پیش کیا ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی عسکری حکمتِ عملی مزید مؤثر ہوئی ہے، جس نے بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا اور خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھا۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ بھارت کے جارحانہ رویے کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان ان عسکری و سفارتی کامیابیوں کو معاشی اور تجارتی میدان میں بھی بروئے کار لائے تاکہ ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر ڈالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری میں پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کیا جا رہا ہے اور ہمارے سفارتی اقدامات کے نتیجے میں خطے میں امن و استحکام کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔ سیمینار میں موجود ماہرین اور طلبائ نے بھی سپیکر ملک محمد احمد خاں کے خیالات کو سراہا اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے مضبوط دفاعی اور سفارتی حکمتِ عملی کو جاری رکھنے پر زور دیا۔