Live Updates

پاکستان میں کلاؤڈ برسٹ کے واقعات میں اضافہ، ماحولیاتی ماہر نے ماحولیاتی تحفظ کو اولین ترجیح قرار دے دیا

پیر 18 اگست 2025 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) ماحولیاتی ماہر جنید یامین نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ برسوں میں کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) کے واقعات میں نمایاں اضافہ خاص طور پر حساس علاقوں میں دیکھنے میں آیا ہے۔اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس رجحان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے عالمی اثرات سے جوڑتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تو ان خطرات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

جنید یامین نے بتایا کہ کلاؤڈ برسٹ ایک شدید موسمی واقعہ ہوتا ہے، جس میں بہت کم وقت میں انتہائی زیادہ بارش ہوتی ہے۔ یہ واقعات اکثر شدید سیلاب، زمین کھسکنے، زراعت کو نقصان اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل کا باعث بنتے ہیں۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں کا سفر محدود کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

(جاری ہے)

ماحولیاتی ماہر نے کہا کہ کلاؤڈ برسٹ ایک عالمی مسئلہ ہے جو دنیا کے مختلف پہاڑی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔ یہ واقعات اس بات کی یاددہانی ہیں کہ ہر ملک کو ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی لچک پیدا کرنے کے لیے مستقل سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان میں ابتدائی وارننگ سسٹمز کو مضبوط بنایا جائے، ماحولیاتی لحاظ سے مضبوط انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائےاور ماحولیاتی منصوبہ بندی کو قومی ترقیاتی حکمت عملیوں کا حصہ بنایا جائے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات