دہشتگردی کی کارروائیوں میں امریکی ساختہ ایم فور گن کا استعمال ہونے لگا، پولیس

پیر 18 اگست 2025 17:21

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) دہشتگردی کی کارروائیوں میں امریکی ساختہ ایم فور گن کا استعمال ہونے لگا، جو قابل توجہ امر ہے۔ پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں خصوصا ًپشاور میں حملوں اور ٹارگٹ کلنگ وارداتوں میں دہشتگرد ایم فور گن کو ایک موثر ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے لگے، جس کے باعث اب تک کئی پولیس آفیسرز واہلکاروں کے علاوہ علمائے کرام بھی نشانہ بن چکے ہیں۔

افغانستان سے نیٹو فورسز کے انخلاء کے بعد امریکی ہتھیاردہشتگردوں کے ہاتھ لگے ہیں، اب دہشتگردوں نے ڈرون ٹیکنالوجی بھی حاصل کرلی ہے، جس کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں بھی سی ٹی ڈی اور پولیس کو ڈرون ٹیکنالوجی سمیت مزید جدیدہتھیاروں وآلات سے لیس کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق پچھلے 2سال کے دوران پشاورمیں متنی پولیس،ورسک روڈ، پجگی پولیس چوکی،انقلاب پولیس وغیرہ پرحملوں کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ایم فورگن کا استعمال کیاگیاہے، شہید ڈی ایس پی سردارحسین واہلکاروں سمیت متعدد علمائے کرام کو بھی امریکی ساختہ ایم فور گن سے نشانہ بنایاگیا۔

پولیس نے بتایاکہ امریکی اورغیر ملکی اسلحہ کے بعد دہشتگردی کی کارروائیوں میں ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال ہونے لگی ہے، جس کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑنے والی سی ٹی ڈی پولیس کے یونٹ سپیشل ویپنزاینڈ ٹیکٹیکس کوجدید ڈرون ٹیکنالوجی سے لیس کرنے اور دہشتگردوں کے ڈرون حملوں کو روکنے کیلئے جیمنگ آلات خریدے جارہے ہیں، جس سے ان حملوں کو روکنے میں مدد ملے گی،اس میں سرویلئینس ڈرون بھی خریدے جائینگے۔

واضح رہے کہ سپیشل ویپنزاینڈ ٹیکٹیکس یونٹ کو 2023میں قائم کیا گیا،حساس اضلاع سمیت صوبہ بھر میں سنائپرز پر مشتمل سواٹ کی 32ٹیمیں ہیں اور ہر ضلع میں دو ٹیمیں کام کررہی ہیں جنہیں بلٹ پروف جیکٹ، ہیلمٹ، نائٹ وژن گنز ودیگر جدید آلات سے لیس کیاگیاہے،ان ٹیموں کی تعداد مزید بڑھائی جائیگی۔