پی ڈی ایم اے پنجاب الرٹ، ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر راولپنڈی میں اجلاس

پیر 18 اگست 2025 18:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر کمشنر آفس راولپنڈی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا، کمشنر راولپنڈی عامر خٹک، ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ممکنہ بارشوں بارے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

نالہ لئی اور دیگر ندی نالوں کے اطراف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے حساس مقامات پر ریسکیو ٹیموں اور ایکوئپمنٹ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے ریزرو کے طور پر مزید ریسکیو و ریلیف ایکوئپمنٹ راولپنڈی ڈویژن کو فراہم کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

تمام افسران اور عملہ فیلڈ میں موجود رہیں، کوتاہی کی گنجائش نہیں۔ پوٹھوہار ریجن میں پرائیویٹ ڈیمز کی مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات کے مطابق شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ شہریوں سے التماس ہے کسی بھی ناگہانی صورتحال میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

اگلے تین دن بارشوں کی پیشنگوئی ہے، عوام الناس انتظامیہ کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔مری میں ایکسپریس وے پر آج لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ عوام غیر ضروری سفرسے اجتناب کریں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پنجاب حکومت نقصانات کا تخمینہ لگا رہی ہے، امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریسکیو سامان تمام متعلقہ اداروں کو فراہم کیا جا چکا ہے۔

تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں۔ اس دفعہ مون سون بارشوں کا سلسلہ طویل تر ہے۔ انتظامیہ الرٹ ہے۔موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان متاثر ہوا ہے معمول سے زیادہ بارشیں ہو رہی ہیں۔ قبل ازیں اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں قبل از وقت اقدامات کے تحت خطرناک علاقوں سے عوام کا انخلاء یقینی بنائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر ریسکیو 1122 یا ضلعی کنٹرول روم کو دیں۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہر لمحہ صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ شہری تعاون کریں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔