وزیراعلیٰ کی قیادت میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات جاری ہیں، رمیش سنگھ اروڑہ

پیر 18 اگست 2025 20:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے پیس ایمبیسڈر سوسائٹی اور کرسچن ہسپتال کے اشتراک سے ٹیکسلا میں منعقدہ باسکٹ بال لیگیسی ٹرافی2025 کے فائنل میچ میں خصوصی طور پر شرکت کی اور جیتنے والی ٹیم کو انعامات سے نوازا ۔تفصیل کے مطابق فائنل میچ لاہور اور اسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا،جس میں لاہور نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 کے مقابلے میں94 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی اور ٹرافی اپنے نام کر لی جبکہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے6 مختلف شہروں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب محسن ایوب خان ،عمران الیاس، چیئرمین پریسبیٹیرین میڈیکل بورڈ آف پاکستان مجید ایبل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور انعامات سے نوازتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات جاری ہیں۔

صوبائی سطح پر اقلیتوں کی مذہبی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش ہو رہی ہے جبکہ مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند مواقع فراہم کئے جا سکیں۔صحت مند پنجاب ہی ترقی کا ضامن ہے۔اگر کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو عدم برداشت اور منفی رویوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔بڑھتی آبادی اور شہروں کے پھیلاؤکے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں محدود ضرور ہوئیں لیکن اب ہم سب کو مل کر کھیلوں کے میدانوں کو دوبارہ آباد کرنا ہوگا۔

چیئرمین پریسبیٹیرین میڈیکل بورڈ آف پاکستان مجید ایبل نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ٹیکسلا میں باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ کھیل امن،ہم آہنگی اور کمیونٹی کی بہتری کا بہترین ذریعہ ہیں۔ نوجوانوں کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے اور اس جذبے کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔تقریب میں بڑی تعداد میں شائقین،مقامی رہنما اور سماجی شخصیات شریک ہوئیں،جنہوں نے فاتح ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں کی ایسی سرگرمیاں معاشرتی ہم آہنگی اور نوجوانوں کی مثبت نشوونما کیلئے ناگزیر ہیں۔