سماجی تحفظ خیرات نہیں ہر شہری کا بنیادی حق ہے‘ ڈائریکٹر جاگ عبدالرب فاروقی

پیر 18 اگست 2025 22:46

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2025ء)جاگ ویلفیئر موومنٹ، آواز فاؤنڈیشن سی ڈی ایس اور گلوبل کال ٹو ایکشن اگینسٹ پوورٹی (جی کیپ) کے اشتراک سے جاگ کے دفتر میں پنجاب میں ’’بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے سماجی تحفظ کی اسکیموں‘‘ پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد کمیونٹی لیڈرز اور این جی اوز کو پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (پی ایس پی ای) اور بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) جیسی اسکیموں کے بارے میں مکمل تربیت فراہم کرنا تھا۔

جاگ کے ڈائریکٹر عبدالرب فاروقی نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تحفظ خیرات نہیں ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ جاگ کی صدر اور ماسٹر ٹرینر ساجدہ کوثر نے آواز سی ڈی ایس کے تربیتی مینول کی روشنی میں مختلف اسکیموں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ شہریوں کے لیے ’’باہمت سینئر پروگرام‘‘ (ماہانہ3,000 روپی) جب کہ معذور افراد کے لیے’’ہمت کارڈ‘‘ (سہ ماہی10,500 روپی) اور ’’ہمقدم اسکیم‘‘ (ماہانہ2,000 روپی) مل رہے ہیں جب کہ بینظیر انکم اسپورٹ کی ’’کفالت‘‘ (سہ ماہی13,500 روپی) اور تعلیمی وظائف کے علاوہ خواجہ سراؤں کو مساوات پروگرام، فنکاروں کو صلہ فن پروگرام کے تحت امداد دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں عمانوئیل عامی (چلڈرن ویلفیئر سوسائٹی)،کوثر مائی (کسان راہنما، رحیم یارخان)، عامر نعیم مغل (معذور افراد کے حقوق کے لیے سن شائن سوسائٹی)، شبیر لال (یونین کونسل سیکرٹری)، صنوبر عاشق صدر سارہ ویلفئیر سوسائٹی، سلمیٰ اشرف، شازیہ اسمعیل خان، عارف اقبال، اسماء امین اور دیگر راہنماؤں نے شرکت کی۔ شبیر لال نے ’’آغوش اسکیم‘‘ (حاملہ اور شیر خوار بچوں کی ماؤں کے لیی) کا تعارف پیش کیا، کوثر مائی نے مطالبہ کیا کہ’’وسیلہ تعلیم کے لییPMT اسکور32 سے بڑھا کر45 کیا جائے تاکہ غریب گھرانوں کے بچے اسکول چھوڑنے پر مجبور نہ ہوں۔

عامر نعیم مغل نے زور دیا کہ ’’بی آئی ایس پی کی نقد رقم قرض یا گرانٹ میں تبدیل کی جائے تاکہ مستقل روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔‘‘ عمانو ئیل عامی نے کہا کہ ذہنی معذور افراد کے خصوصی گھر بنائے جانے چاہئیں۔ تمام شرکاء کا عزم کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اسکیموں کے بارے میں آگاہی مہم چلائیں گے۔ ساجدہ کوثرنے بتایا کہ اس سال ایسی مزید ورکشاپس رحیم یارخان کے دیہی علاقوں میں منعقد کی جائیں گی۔

شرکاء نے حکومت سے اپیل کی کہ سماجی تحفظ کی اسکیموں تک رسائی آسان بنائی جائے، خاص طور پر دیہات میں جہاں 80% آبادی ان حقوق سے ناواقف ہے۔ ورکشاپ میں جاری کردہ قرارداد کے مطابقPMT اسکور میں اضافے اور نقد امداد کو گرانٹ میں تبدیل کرنے کی سفارشات وزیر اعلیٰٰ پنجاب اور وزیراعظم پاکستان کو بھیجی جائے گی