حکومت خیبرپختونخوا متاثرہ عوام کی ہر ممکن مدد اور انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، صوبائی معاون خصوصی

پیر 18 اگست 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پرسینٹرل فلڈ کنٹرول روم مئی 2025 میں قائم کیا گیا تاکہ سیلاب اور قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کے اعداد و شمار اکٹھے کئے جا سکیں۔

اس مقصد کے لیے جدید ڈیمیج مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (DMIS) متعارف کرایا گیا، جو حقیقی وقت میں ڈیٹا فراہم کرتا ہے تاکہ فوری طور پر اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ یہ نظام پاکستان کے تمام متعلقہ اداروں کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کے ہمراہ پیر کے روز پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی لائق محمد خان، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات محمد اسرار اور منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ایچ اے سہیل ادریس بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے لئے ریجنل فلڈ کنٹرول رومز بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں سے اضلاع دیر بالا، بونیر، باجوڑ، سوات اور شانگلہ کے نقصانات کی رپورٹس مرتب کی جا رہی ہیں۔ ان علاقوں میں مختلف سڑکوں کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی مرمت کے لیے186کے قریب ہیوی مشینری جیسے ایکسکیویٹرز، لوڈرز، ٹریکٹرز اور ڈمپرز بھی فراہم کر دیے گئے ہیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا کہ سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیوں کے لئے صوبائی وزراء اور اعلیٰ افسران متاثرہ علاقوں میں بروقت پہنچے ہیں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور خود ذاتی طور پر تمام صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ریلیف، ریسکیو اور بحالی کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔معاون خصوصی محمد سہیل آفریدی اور صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا متاثرہ عوام کی ہر ممکن مدد اور انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔