چیئر پرسن ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے جینڈر مین سٹریمنگ کا اجلاس

پیر 18 اگست 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے جینڈر مین سٹریمنگ کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئر پرسن ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔ بلوچستان کے واقعہ پر بحث کے دوران ایڈیشنل آئی جی پی نے کمیٹی کو بتایا کہ یہ کیس عید الاضحیٰ سے قبل قبائلی جرگے کے حکم پر جوڑے کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے تقریباً 30-40 دن بعد رپورٹ کیا گیا۔

محبت کی شادی کا معاہدہ کرنے والے متاثرین کو ان کے اہلخانہ نے دعوت کے بہانے بلایا جہاں انہیں جرگے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر قتل کی ویڈیو گردش کرنے کے بعد بلوچستان حکومت نے دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا کیونکہ رشتہ داروں یا مقامی لوگوں کی جانب سے کوئی درخواست جمع نہیں کرائی گئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے پراسیکیوشن میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور چالان جمع کرانے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

متعدد ملزمان کی گرفتاری کا اعتراف کرتے ہوئے کمیٹی نے مرکزی مجرم کو پکڑنے کے لئے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا جو ابھی تک فرار ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام فوجداری مقدمات کے لئے ٹریکنگ سسٹم کو مزید بہتر کریں ، ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر سزا تک اور کمیٹی کے اگلے اجلاس میں طریقہ کار پیش کریں۔ ملک میں غیرت کے نام پر قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے جرائم کا تسلسل 2016 کے ایکٹ کے نفاذ میں ہونے والی کوتاہیوں کی وجہ سے ہوتا ہے ۔

کمیٹی نے تمام صوبوں پر زور دیا کہ وہ انصاف کی فراہمی اور ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے نفاذ کے اقدامات کو مضبوط کریں۔ کمیٹی کو آئی جی پی سندھ نے کراچی میں ازدواجی زیادتی کے حالیہ کیس پر بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ جولائی 2025 میں ایک 19 سالہ ہندو خاتون شانتی کوما میں جانے کے بعد ہسپتال میں انتقال کر گئی، مبینہ طور پر ان کی شادی کے چند ہی دنوں بعد اس کے شوہر کی طرف سے کئے گئے وحشیانہ جنسی تشدد کے بعد رپورٹنگ میں تقریباً 20 دن کی تاخیر کے باوجود سندھ پولیس نے اپنی تفتیش مکمل کی اور چالان عدالت میں جمع کرایا۔ پولیس نے شوہر کا اعترافی بیان حاصل کر لیا۔ پولیس کی تیز رفتار کارروائی کو سراہتے ہوئے کمیٹی نے واقعہ کی کی شدید مذمت کی۔