ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد کی زیر صدارت جشنِ عید میلادالنبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منانے بارے اجلاس

منگل 19 اگست 2025 16:01

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت ضلع میں 12 ربیع الاول جشنِ عید میلادالنبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیےاجلاس ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ خاتم النبیین پوری دنیا کے لیے رحمت اللعالمین ہیں، اس لیے ہم سب کا فرض ہے کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کو عقیدت، احترام اور شایانِ شان طریقے سے منائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ جشنِ میلاد کے سلسلے میں مقامی مذہبی رہنماؤں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور میلاد کے جلوسوں کے راستوں میں تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذہبی رہنماؤں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ہر ممکن تعاون کرے گی اور مزید بہتر انتظامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کرنے کے ساتھ ساتھ چراغاں اور مانیٹرنگ کمیٹیوں کو بھی فعال بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت دی کہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں جشنِ میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں سیرت النبیؐ کانفرنسز منعقد کی جائیں اور طلبہ کے درمیان قرآت و نعتیہ مقابلوں کا اہتمام کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے حیسکو حکام کو ہدایت کی کہ میلاد کے موقع پر رات کو منعقد ہونے والے پروگراموں کے دوران کسی صورت لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔

انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ جلوس کے راستوں پر ٹریفک کی روانی کے لیے جامع پلان تیار کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے میونسپل اور ٹاؤن کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں اور مساجد کے سامنے صفائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں جبکہ محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کو ہدایت دی کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جلوسوں کے گزرگاہوں پر میڈیکل کیمپس قائم کیے جائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی شہید بینظیرآباد شبیر احمد سیٹھار نے کہا کہ پولیس کی جانب سے 12 ربیع الاول کے حوالے سے سکیورٹی پلان تشکیل دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے علما کرام اور شہری پولیس سے بھرپور تعاون کریں، جبکہ میلاد کی محفلوں اور جلوسوں کے حوالے سے سکیورٹی کے لیے پولیس کو درخواست دی جائے تاکہ مزید بہتر انتظامات اور نفری تعینات کی جا سکے۔

انہوں نےکہا کہ وہ خود بھی جلوسوں کی نگرانی کے لیے دورے کریں گے۔اجلاس میں جماعت اہلِ سنت کے رہنما سید حسن علی شاہ جیلانی قادری، قاری محمد ساجد اویسی، مولانا نثار احمد سکندری، سید نور احمد شاہ، ڈاکٹر خوشی محمد، محمد اسلم نوری، پرویز احمد ملک کے علاوہ دیگر علما اور مذہبی رہنماؤں نے جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کو عقیدت سے منانے کے لیے تجاویز پیش کیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ، صفائی اور روشنی سے متعلق مسائل بھی اجاگر کیے۔

اجلاس میں ٹاؤن چیئرمین سید عاطف زیدی، محمد حیات کاکیپوٹو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ دھاری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری محمد سلیم بھٹی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری مسعود احمد سہتو، میونسپل کمشنر عبدالرزاق شیخ، رینجرز کے عادل، اہلِ تشیع رہنما محمد حسین چانڈیو سمیت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ٹاؤن افسران، ریسکیو، میلاد کمیٹی اراکین، مذہبی تنظیموں کے نمائندوں، پبلک ہیلتھ، ٹریفک پولیس، پولیس، لوکل گورنمنٹ، حیسکو اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔