میری پہچان پاکستان یوتھ ونگ کاکیماڑی میں واقع دفتر میں اجلاس

اجلاس میں ملک کی ترقی کے لئے نئی سوچ اور ہر اول دستہ بننے کے سلسلے میں متحرک کردار ادا کرنے کے حوالے سے فیصلے کئے گئے

منگل 19 اگست 2025 16:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)میری پہچان پاکستان یوتھ ونگ کاکیماڑی میں واقع دفتر میں اجلاس ہوا، جس میں تحریک کے ویژن، ڈاکٹر عشرت العباد خان کی نوجوانوں کے لئے سوچ اور ملک کی ترقی کے لئے نئی سوچ اور ہر اول دستہ بننے کے سلسلے میں متحرک کردار ادا کرنے کے لئے فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کی صدارت مرکزی کمیٹی کے رکن ریحان خان نے کی۔

مرکزی رہنما مقصود قریشی اور سندھ یوتھ کے صدر صغیر بھی ہمراہ تھے۔ اجلاس میں یوتھ ونگ کے رکن مرکزی کمیٹی و آرگنائزر ضلع کیماڑی سید صابر علی رضا، کمیٹی ممبران جاوید، زاہد غلام رسول، انیس راہو، اشرف لودھی، انچارچ یو سی نائن سید جاوید شاہ، یو سی ٹین ارشد مصطفی، یو سی گیارہ عبدالرشید، یو سی بارہ سہیل عباسی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ریحان خان نے کہاکہ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے میرٹ اور مقام کی جو بات کی ہے۔

وہی اصل افراد کو ملازمتوں سمیت تمام اداروں میں حق دلا سکتی ہے۔ کراچی کے بورڈز نے جس طرح جان بوجھ کر نوجوانوں کو فیل کیا۔ سندھ پبلک سروس کمیشن میں پیپر لیک سمیت مڈ کیٹ کے امتحانات میں دھاندلی پر بھی یوتھ کو اسکا حق دلانے کے لئے ہم جدوجہد کریں گے۔ ہم ریاست کو ٹیلنٹ اور ملک کو بہترین با صلاحیت افراد دینے کے لئے ڈاکٹر عشرت العباد خان کو ناگزیر سمجھتے ہیں۔

انکے گورنری کے دور میں تعلیمی ادارے یونیورسٹیز بنیں انکا معیار تعلیم بلند ہوا۔ ہمیں ہر با صلاحیت فرد کی مکمل تائید کرنی ہے ہم لسانی تعصب نہیں کرتے قومی سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ خواتین بھی ہمارے قافلے سے جڑرہی ہیں کیونکہ ہم ہی درست سمت لے کر چل رہے ہیں۔ پاکستان ہم سب کی ریڈ لائن ہے اور اسکی ترقی ہماری مرکزی سوچ ہے۔ اس موقع پر کام کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں مزید مشترکہ لائحہ عمل بنایا گیا۔