Live Updates

پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں شدید بارش اور سیلاب کا خطرہ

منگل 19 اگست 2025 17:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے، جس کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، سندھ، شمالی و جنوبی مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواو?ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خاص طور پر خیبرپختونخوا، کشمیر، بالائی پنجاب اور جنوبی بلوچستان میں کہیں کہیں شدید موسلا دھار بارش متوقع ہے۔لاہور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے، ہوا بند ہونے کے باعث حبس کی کیفیت برقرار ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار اور درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں اب تک 341 افراد جاں بحق اور 178 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 139 مکانات مکمل طور پر اور 281 مکانات جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع بونیر میں ہوئی ہیں۔

ایبٹ آباد، مانسہرہ، بالاکوٹ، وادی کاغان اور ناران میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے، جس کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں اور سیاحوں کو پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔دریائے ستلج اور راوی میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث نچلے علاقوں میں سیلاب پیدا ہو گیا ہے۔

قصور کے نچلے علاقوں میں ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زیرِ آب آ گئی، جس سے کسانوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا اور سات دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ خیرپور ناتھن شاہ میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، مواصلاتی نظام متاثر ہوا اور شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور سول ڈیفنس ٹیمیں الرٹ ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں کو ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات