پنجاب حکومت اورریلوے کے اشتراک سے لاہور گرین کوریڈور منصوبہ سموگ پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا،ڈائریکٹر پاکستان ریلوے

منگل 19 اگست 2025 17:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) پنجاب حکومت اور پاکستان ریلوے کے باہمی اشتراک سے شروع کیا گیا لاہور گرین کوریڈور منصوبہ نہ صرف شہر میں سموگ جیسے سنگین ماحولیاتی مسئلے پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ لاہور کے شہری منظرنامے کو بھی جدید خطوط پر استوار کرے گا۔اس منصوبے پر 2.53 ارب روپے لاگت آئے گی جس کے تحت تقریبا 700 کنال اراضی کو سرسبز گرین بیلٹس، تفریحی مقامات اور ثقافتی سرگرمیوں کے مراکز میں تبدیل کیا جائے گا۔

یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جو کسی ریلوے ٹریک کے ساتھ جنوبی ایشیامیں شروع کیا جا رہا ہے۔ منصوبہ شاہدرہ سے شمال میں شروع ہو کر شہر کے جنوب میں رائے ونڈ تک ریلوے کی40 کلومیٹر اراضی پر محیط ہوگا اور ایک سال کے اندر مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر پاکستان ریلوے بابر رضا نے ویلتھ پاکستان سے گفتگو میں کہا کہ منصوبے کے لیے زمین پاکستان ریلوے فراہم کرے گا جبکہ اس کی تعمیراتی اور ترقیاتی لاگت پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ جنوبی ایشیا کا پہلا منصوبہ ہے جو ریلوے ٹریک کے ساتھ اس پیمانے پر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوا تو ریلوے دوسرے شہروں جیسے کراچی، پشاور، فیصل آباد، کوئٹہ اور ملتان میں بھی اس نوعیت کی اراضی منصوبوں کے لیے فراہم کرنے پر غور کرے گا۔منصوبے کے تحت نہ صرف جاگنگ ٹریکس، واک ویز، گیذیبوز، اوپن جم، بیڈمنٹن اور والی بال کورٹس، بچوں کے کھیلنے کے میدان، بینچز، ڈسٹ بنز، فوڈ کارٹس، ٹک شاپس اور واٹر باڈیز بنائی جائیں گی بلکہ پرانے ریلوے کوچز کو تخلیقی انداز میں کیفے اور ڈیجیٹل لائبریری میں بھی تبدیل کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ منصوبے میں خصوصی سائیکل ٹریکس کی تعمیر بھی شامل ہے۔منصوبے کو چار مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔شاہدرہ سے لاہور ریلوے سٹیشن، لاہور ریلوے سٹیشن سے والٹن، والٹن سے کوٹ لکھپت اور کوٹ لکھپت سے رائے ونڈ تک ہر مرحلے میں شہریوں کے لیے گرین بیلٹس اور تفریحی سہولیات شامل ہوں گی۔پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی پی ایچ اے کے ترجمان نبیل علی نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ پنجاب حکومت کی باضابطہ منظوری کے بعد منصوبے پر عملدرآمد پی ایچ اے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے منصوبے کے تحت 33 گرین بیلٹس اور لینڈ سکیپنگ تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اجازت ملتے ہی عملی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ نبیل علی نے کہا کہ اتھارٹی اس کوریڈور کو ایسا خوشگوار ماحول فراہم کرے گی جو مسافروں اور شہریوں کے لیے دلکش اور پرکشش ہوگا۔محکمہ ہائوسنگ پنجاب نے اس منصوبے کا پی سی ون پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو باضابطہ منظوری کے لیے جمع کرا دیا ہے جبکہ اس کے لیے مطلوبہ فنڈز وزیر اعلی کی جانب سے اضافی گرانٹ کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔