وفاقی وزیر برائے بحری امور کی زیر صدارت اجلاس ، کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر کنٹینرز کے قیام کے وقت کو کم کرنے کے لئے سفارشات کوحتمی شکل دی گئی

منگل 19 اگست 2025 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر کنٹینرز کے قیام کے وقت کو کم کرنے کے لئے سفارشات کوحتمی شکل دے دی گئی ، ان سفارشات کا مقصد کارگو کلیئرنس کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور ملک کی دو اہم بندرگاہوں پر رش کو کم کرنا ہے۔ یہ تجاویز منگل کو وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں اس مقصد کے لئے بنائی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے پیش کیں۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ سفارشات کو اسی دن فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھجوایا جائے اور دو ہفتوں کے اندر عملدرآمد کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی جائے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے قائم مقام چیئرمین ریئر ایڈمرل عتیق الرحمان اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز ریئر ایڈمرل محمد خالد نے کراچی سے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

یہ کمیٹی وفاقی وزیر نے قائم کی تھی جس کے سربراہ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت بحری امور عمر ظفر شیخ ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی، پاکستان کسٹمز، ٹرمینل آپریٹرز، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی نمائندگی ہے۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی بندر گاہوں کے آپریشنز کو عالمی معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی کوشش کرتا ہے جس میں تیز ترین کلیئرنس، ہموار تجارتی بہاؤ اور کاروبار کے لئے آپریشنل لاگت کو کم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی تنظیم نو کی گئی ہے اور اسے ایک نیا مینڈیٹ تفویض کیا گیا جو کہ ایف بی آر کے ساتھ ہم آہنگی اور مقررہ وقت کے اندر پیشرفت کی نگرانی کے لئے ذمہ دار ہے ۔ سفارشات کلیئرنس چین میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کرتی ہیں۔کلیدی اقدامات میں سامان کے اعلانات کی جلد یا قبل از وقت فائلنگ کو فروغ دینا، فائلنگ ونڈو کو مختصر کرنا اور دیر سے جمع کرانے پر جرمانے متعارف کرانا شامل ہیں۔

جانچ میں تاخیر کو کم کرنے کے لئے تیز رفتار سکریننگ ٹیکنالوجیز اور وسیع لیبارٹری سہولیات کے استعمال کا مشورہ دیا گیا ہے۔ٹرمینلز پر رش کو کم کرنے کے لئے کمیٹی نے زیادہ ٹھہرے ہوئے کارگو کی تیز رفتار نیلامی اور ٹھکانے لگانے، گراؤنڈنگ کی گنجائش میں توسیع اور لیبر اور کسٹم ایگزامینرز کی زیادہ سے زیادہ تعیناتی کی سفارش کی ہے۔ کسٹم اسسمنٹ، امتحانات، لیبارٹری کے کام اور شپنگ سروسز کے لئے چوبیس گھنٹے آپریشنز تجویز کئے گئے ہیں۔ نقل و حمل کی بہتری میں بانڈڈ ٹرانزٹ کو بڑھانا، ٹریکر کی تنصیب کو آسان بنانا، ایسکارٹ اسٹاف میں اضافہ، اور بھاری گاڑیوں پر رات کے وقت کی پابندیاں ہٹانا شامل ہیں۔