میاں کاشف اشفاق سول ایوارڈ''تمغہ امتیاز''کیلئے نامزد

منگل 19 اگست 2025 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) وفاقی حکومت نے پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق کو عوامی خدمت اور انسان دوستی میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں سول ایوارڈ ’’تمغہ امتیاز‘‘ کیلئے نامزد کیا ہے۔میاں کاشف اشفاق نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اس کے قریبی علاقوں کے غریب طبقات کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے دو جدید ترین کارڈیک اور لیور سینٹرز قائم کئے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ کینسر کیئر ہسپتال کی تعمیر اور اخوت فاونڈیشن پراجیکٹ کیلئے باقاعدہ بھاری عطیات بھی دیتے ہیں۔ان کی قیادت میں پی ایف سی نے عالمی سطح پر پاکستان کی فرنیچر کی صنعت کو فروغ دینے،ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار اقتصادی طریقوں کی وکالت کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی نمائشوں کے انعقاد اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ قائم کرنے میں ان کی کوششوں سے اس شعبے کی ترقی اور برآمدی صلاحیت کو فروغ حاصل ہوا ہے۔

فیصل آباد انڈسٹریل اینڈ اکنامک ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی (FIEDMC) کے سی ای او کی حیثیت سے ان کے دور میں ایک جدید نیا اقتصادی زون تیار کیا گیا اور سی پیک کے تحت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا قیام عمل میں لایا گیا،جس سے قومی معیشت کی ترقی کی رفتار تیز ہو رہی ہے۔ان کی نامزدگی پاکستان کے صنعتی اور سماجی شعبوں کو ترقی دینے کیلئے ان کی لگن کی عکاسی کرتی ہے اور وہ بجا طور پر اس اعزاز کے مستحق قرار پائے ہیں۔