وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کی امریکی ناظم الامور نیتھلی اے بیکر سے ملاقات

بدھ 20 اگست 2025 15:44

وفاقی وزیر برائے پٹرولیم  علی پرویز ملک کی امریکی ناظم الامور نیتھلی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے وزارتِ پٹرولیم میں پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نیتھلی اے بیکر سے ملاقات کی اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان توانائی کے شعبے خصوصاً تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ بدھ کو وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ناظم الامور نیتھلی اے بیکر نے پاکستان کی توانائی کی صنعت میں امریکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو اُجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے وژن کے تحت امریکی کمپنیاں پاکستان کے تیل، گیس اور معدنیات کے شعبے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

(جاری ہے)

امریکی سفارتخانہ، ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن سیکٹر میں امریکی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان براہ راست روابط قائم کرنے میں فعال کردار ادا کرے گا تاکہ اس شعبے کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے امریکی سرمایہ کاروں کی گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت آف شور اور آن شور آئل و گیس کے ایکسپلوریشن بلاکس کے لیے نیلامی کا عمل شروع کر رہی ہے جو بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے ایک شاندار موقع ہے۔ پاکستان میں خاص طور پر شیل آئل اور گیس کے حوالے سے بہت زیادہ غیر استعمال شدہ وسائل موجود ہیں اور ان مقامی وسائل کو قابلِ استعمال ذخائر میں تبدیل کرنا ہماری حکومت کا ہدف ہے۔

ہم پہلے ہی امریکی کمپنیوں کے ساتھ مثبت معلوماتی تبادلے کر رہے ہیں۔ دونوں حکام نے حالیہ ’’ڈائریکٹ لائن‘‘ ویبینار کی کامیابی کو سراہا جو امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں مواقع سے جوڑنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا اور اسے آئندہ تیل و گیس کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک ماڈل قرار دیا۔امریکی ناظم الامور نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ ، پاکستان انسدادِ دہشتگردی مکالمہ کامیابی سے جاری رہا ہے، اب ہم چاہتے ہیں کہ اس شراکت داری کو اقتصادی میدان میں بھی آگے بڑھایا جائے۔

ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور امریکی ٹیکنالوجی و سرمایہ کاری کے ذریعے باہمی اقتصادی و توانائی ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔\932