کنگ سلمان سنٹر برائے ریلیف کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے 10 ہزار شیلٹر کٹس اور 10 فوڈ پیکیجز پر مشتمل امدادی سامان حکومت پاکستان کے حوالے کر دیا گیا

بدھ 20 اگست 2025 17:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) سعودی عرب کے امدادی ادارے کنگ سلمان سنٹر برائے ریلیف کی جانب سے 10 ہزار شیلٹر کٹس اور 10 فوڈ پیکیجز پر مشتمل امدادی سامان حکومت پاکستان کے حوالے کر دیا گیا جبکہ اس موقع پر سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

بدھ کو سیلاب متاثرین کیلئے سعودی حکومت کی طرف سے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اﷲ اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اﷲ نے کہا کہ سعودی عرب کے مشکور ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں انہوں نے ہمارا ساتھ دیا، سعودی عرب ہمیشہ ہر مشکل کی گھڑی میں بھائیوں کی طرح ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے، اس وقت سیلاب اور بارشوں کے متاثرین کیلئے امدادی سامان ہمارے حوالے کر رہے ہیں جس پر حکومت پاکستان، وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے سعودی عرب کی حکومت، شاہی فیملی اور ان ولی عہد محمد بن سلمان اور کنگ سلمان سنٹر برائے ریلیف کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے 10 ہزار شیلٹر کٹس، 10 ہزار فوڈ پیکیجز جیسی خطیر امداد این ڈی ایم اے کے حوالے کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ شیلٹر کٹس میں ایک فیملی کیلئے ضرورت کا تمام سامان موجود ہے جبکہ فوڈ آئٹم میں بھی مناسب اشیاء موجود ہیں، این ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ ایک شفاف طریقہ کے ساتھ یہ امدادی سامان متاثرین تک پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان خود بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے آئے ہیں، وہاں پر انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ہے، ہم تمام متاثرین کو یقین دلاتے ہیں کہ وزیراعظم کی سربراہی میں این ڈی ایم اے، صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ کی مدد سے ایک ایک متاثرہ شخص کی بحالی تک اقدامات جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں جن ممالک نے تعاون کیا ہے ان کا حکومت پاکستان کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت، این ڈی ایم اے اور مقامی انتظامیہ تمام اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کر رہے ہیں۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے جانی نقصان پر افسوس ہے، یقین دلاتے ہیں کہ مشکل وقت میں ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت، شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی و وزیراعظم عہد محمد بن سلمان اپنے برادر ملک پاکستان کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پرعزم ہیں۔