پاکستان مسلم لیگ(ن) میں نئے لوگوں کی شمولیت کا فیصلہ ملک و قوم کی خدمت کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے،گورنر بلوچستان

بدھ 20 اگست 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) گورنربلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) میں نئے لوگوں کی شمولیت کا فیصلہ ملک و قوم کی خدمت کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہم آپ سب کو کھلے دل و دماغ کے ساتھ خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ کی شمولیت کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس سے ہمارا سیاسی قافلہ مزید مضبوط اور مستحکم ہو جائیگا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پاکستان تحریکِ انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سابق ضلع ناظم خاران میر شوکت بلوچ ، تحریک انصاف کے ضلعی صدر شہزادہ بہادر خان پیرکزی، جنرل سیکرٹری علی آحمد محمدحسنی، اسٹوڈنٹ ونگ کے صدر میرسجاد مینگل اور دیگر سینکڑوں عہدیداران اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے مستعفی ہوکر آج باقاعدہ پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس موقع پر مسلم لیگ ق کے رہنما جہانگیر شاہ نے بھی مسلم لیگ ن شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی وزرا میر شعیب نوشیروانی، میر عاصم کرد گیلو اور رکن صوبائی اسمبلی اشوک کمار سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما اور عہدیداران موجود تھے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ایک ملک گیر سیاسی جماعت ہے، ہم مساوی ترقی اور عوام کے حقوق پر یقین رکھتے ہیں۔

ہمیں آپ سب کا ساتھ دینے پر فخر ہے کیونکہ ہم نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر جعفرخان مندوخیل کی قیادت میں آج دیگر سیاسی پارٹیوں سے سیاسی رہنماں اور قبائلی معتبرین کی شمولیت بہت خوش آئند ہے، اب ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے کام کریں۔