Live Updates

محمود خان اچکزئی کاخیبر پشتونخوا ، گلگت وملک کے دیگر علاقوں میں ہونیوالے جانی ومالی نقصانات پر دُکھ اور افسوس کا اظہار

عوام کی اس گھڑی میں شانگلہ سے لیکر صوابی تک جہاں بھی نقصانات ہوئے ہیں اُن لوگوں کی امداد کے لیے کمیٹیاں بنائیں اور بڑے شفاف طریقے سے امداد جمع کرتے ہوئے انہیں متاثرین تک پہنچائیں، رکن قومی اسمبلی

بدھ 20 اگست 2025 21:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں خیبر پشتونخوا ، گلگت وملک کے دیگر علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ ، کلائوڈ برسٹ کے قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونیوالے جانی ومالی نقصانات پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2010کے طوفانی بارشوں، سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث کوئٹہ اور سوات میں اربوں ، کھربوں کے شدید نقصانات ہوئے تھے اور پھر بین الاقوامی دنیا سے بہت ساری امدادآئی تھیں یہ کس حد تک متاثرین تک پہنچی تقسیم ہوئی یہ ہمارے لیے اس وقت زیر بحث نہیں ۔

لیکن اب ایک مرتبہ پھر پندرہ سال بعد2025 میں شمالی علاقوں میںشانگلہ سے لیکر بونیر تک بہت ہی خطرناک طوفانی بارشیں ہوئی ہیں اور اب کراچی تک یہ پہنچ چکی ہیں جس کے نتیجے میں بہت سارا نقصان ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں شانگلہ ،سوات، باجوڑ، دیر ، بونیر گائوںکے گائوں اکھڑگئے ہیں ،سینکڑوں انسانی جانہیں بہہ کر چلے گئے ہیں۔ خداتعالیٰ ان متاثرہ خاندانوں کو صبر جمیل اور یہ غم برداشت کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ مسئلہ کسی صوبے یا وزیر اعلیٰ کا نہیں بلکہ یہ ملک کا انسانی ،بین الاقوامی مسئلہ ہے ۔ حکومت پاکستان اور ملک کے تمام مخیر حضرات کواس سلسلے میں اپنی بساط کے مطابق اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔حکومت شفافیت کے ساتھ تمام انسانوں کی خدمت کریں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے کارکنوں سے خواہش اور یہ مطالبہ کرتاہوں کہ عوام کی اس گھڑی میں شانگلہ سے لیکر صوابی تک جہاں بھی نقصانات ہوئے ہیں اُن لوگوں کی امداد کے لیے کمیٹیاں بنائیں اور بڑے شفاف طریقے سے امداد جمع کرتے ہوئے انہیں متاثرین تک پہنچائیں۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتونخواوطن کرورڑوں انسانوں کاوطن ہے اس میں بڑے مخیر لوگ بھی موجود ہیں میں اُن سے اپیل کرتا ہوں کہ اس کار خیر میںاپنی بساط کے مطابق اپنا حصہ ڈالیں ۔ پارٹی اور میں ذاتی طور پر کوشش کرونگا کہ ان سب خاندانوں کے پاس جاسکوں جن کے پیارے موت کی نذر ہوئے ہیں ۔اگر کسی صورت نہ جاسکا تب تک کے لیے اللہ تعالیٰ غم زدہ خاندانوں کے پسماندگان کو صبر جمیل اور جن کے پیارے ان سے جدا ہوئے ہیں ان کے لیے جنت الفردوس میں جگہ دینے کی دعا کرتا ہوں ۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات