صدر ٹرمپ نے یوکرین میں جنگ ختم کرانے کیلئے بھارت پر پابندیاں عائد کیں ، کیرولین لیویٹ

بدھ 20 اگست 2025 22:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ یوکرین جنگ کوجلدازجلد ختم کرانا چاہتے ہیں ، انہوں نے جنگ بندی کیلئے بھارت پر پابندیاں عائد کی ہیں تاکہ روس پر دبائو بڑھایا جاسکے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان خیالات کا اظہار وائٹ ہائوس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے واشنگٹن میں ایک بریفنگ کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ صدر ٹرمپ نے یوکرین میں جنگ ختم کرنے کے لیے بھارت پر محصولات سمیت متعدد پابندیاں عائد کی ہیں کیونکہ وہ مسلسل روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے ہوئے ہے۔ تیل کی فروخت کی وجہ سے روس کو جنگ جاری رکھنے میں مالی مدد مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صدر ٹرمپ نے یوکرین جنگ بند کرانے کیلئے روس پر دبائو بڑھانے کیلئے بھارت پر پابندیاں عائد کی ہیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ روسی تیل کی خریداری جاری رکھنے پر امریکی انتظامیہ نے بھارت پرعائد 25فیصدٹیرف کو بڑھا کر 50فیصد کر دیاہے۔ صدر ٹرمپ نے اس سے قبل کہاتھا کہ بھارت بڑی مقدار میں روس سے تیل خرید کر اسے عالمی منڈی میں فروخت کر رہاہے اور بھاری منافع کما رہاہے۔ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے بھارت کے ساتھ ٹیرف سے متعلق تجارتی مذاکرات کو بھی معطل کردیاہے ۔ 25اگست کو بھارت کا دورہ کرنے والے امریکی وفد نے اپنا دورہ بھی منسوخ کردیاہے۔