وزیراعظم یوتھ پروگرام کا خیبرپختونخوا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز ایک ہفتے کے لئے ملتوی

جمعرات 21 اگست 2025 17:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے خیبرپختونخوا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کو ایک ہفتے کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے، ٹرائلز جو پشاور سمیت مختلف شہروں میں شیڈول تھے کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یہ ٹرائلز وزیراعظم یوتھ پروگرام اور لاہور قلندرز کے تعاون سے منعقد کئے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ایک اہلکار کے مطابق ٹرائلز ملتوی کرنے کا فیصلہ شرکاکی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ،جو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے ان ٹرائلز کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ سیلاب کے باعث یہ ٹرائلز تاخیر کا شکار ہوئے ہیں، یہ اقدام نوجوان کرکٹرز کو کسی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لئے اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم یوتھ پروگرام کا کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ اقدام ایک ملک گیر پروگرام ہے جسے پاکستان بھر میں کرکٹ کے ابھرتے ہوئے ستاروں کو تلاش کرنے اور تیار کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

یہ پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کو ماہر کوچنگ اور قومی سطح پر صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ،جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کرکٹ میں پیشہ وارانہ کیریئر بنانے کے خواہشمند کرکٹرز کو ایک پلیٹ فارم پیش کرتا ہے۔ امید ہے کہ یہ پروگرام نوجوان ٹیلنٹ کو کرکٹ کی دنیا میں ابھرنے اور چمکنے کا ایک نادر موقع فراہم کرے گا۔ ٹرائلز کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا اور دلچسپی رکھنے والے شرکاکو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ یوتھ پروگرام کی سرکاری ویب سائٹ یا سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے اپ ڈیٹ رہیں۔

یوتھ پروگرام کے کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ اقدام نے پاکستان بھر کے نوجوان کرکٹرز میں خاصی دلچسپی پیدا کی ہے۔ یہ پروگرام ملک میں کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا ثبوت ہے۔\395