Live Updates

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت کا سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ سے جانی نقصان پر اظہار افسوس، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، ناصر منصور قریشی

جمعرات 21 اگست 2025 21:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے خیبرپختونخوا (کے پی) اور گلگت بلتستان میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ سے انسانی جانوں کے المناک نقصان اور انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، کراچی کے بارش سے متاثرہ خاندانوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا ہے۔

آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی، سینئر نائب صدر عبدالرحمٰن صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک میں شامل ہے اور کے پی اور جی بی میں حالیہ سانحات ایک سخت انتباہ ہیں کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی آئی کی قیادت نے زور دیا کہ حکومت خطرے سے نمٹنے کیلئے معقول وسائل مختص کرے۔انہوں نے قبل از وقت وارننگ سسٹم، ڈیزاسٹر مینجمنٹ انفراسٹرکچر، آبی وسائل کے انتظام اور جنگلات کی بحالی کی مہموں میں زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مستقبل کے خطرات کو کم کیا جا سکے اور زندگی اور معاش کی حفاظت کی جا سکے۔صدر ناصر منصور قریشی نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نہ صرف ایک انسانی چیلنج ہے بلکہ پاکستان کی معیشت، زراعت اور کاروباری شعبوں کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پرائیویٹ سیکٹر، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی شراکت داروں کو وفاقی اور صوبائی دونوں سطحوں پر ایک جامع قومی موسمیاتی ایکشن پلان کی تشکیل اور اس پر عمل درآمد میں فعال طور پر شامل کرے۔طویل مدتی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے قابل تجدید توانائی، پائیدار شہری منصوبہ بندی اور موسمیاتی لچکدار انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے اپنے لوگوں اور معیشت کو بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔چیمبر نے حکومت اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تمام اقدامات میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی کہ جن کا مقصد موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنا اور پاکستان کے لیے سرسبز اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنانا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات