قومی صنعتی پالیسی ملک میں صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کا ذریعہ بنے گی ،ہارون اختر خان

جمعرات 21 اگست 2025 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہاہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت قومی صنعتی پالیسی ملک میں صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کا ذریعہ بنے گی، پالیسی نجی و سرکاری سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مرتب کی گئی ہے اور اس میں صنعتوں کو درپیش اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جامع پیکیج شامل ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، ایف بی آر کے چیئرمین اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر کے ساتھ قومی صنعتی پالیسی کے خدوخال پر غور کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں توانائی کی لاگت کم کرنے، گرین انرجی کے فروغ، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نظام کو اپ گریڈ کرنے اور صنعتی شعبے کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت قومی صنعتی پالیسی ملک میں صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ پالیسی نجی و سرکاری سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مرتب کی گئی ہے اور اس میں صنعتوں کو درپیش اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جامع پیکیج شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پالیسی میں بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی، کریڈٹ تک بہتر رسائی، سرکاری اداروں کی بلاجواز مداخلت سے بچاؤ اور دیوالیہ قوانین میں اصلاحات شامل ہیں۔

مزید یہ کہ ایک قومی صنعتی بحالی کمیشن قائم کیا جائے گا جو نفاذ کی نگرانی اور شکایات کے ازالے کے لئے مؤثر نظام فراہم کرے گا۔سرمایہ کاروں کے اعتماد کو یقینی بنانے کے لئے معاہدوں پر عملدرآمد کو ترجیح دی جائے گی۔ ہارون اختر خان نے مزید کہا کہ چین کے ماڈل سے متاثر ہو کرخصوصی اقتصادی زونز میں ون ونڈو سروس فراہم کی جائے گی تاکہ صنعتی سرگرمیوں کو سہل بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے لاگت میں واضح کمی آئے گی اور صنعتوں کو درکار سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بہتر انفراسٹرکچر اور گرین انرجی پر زیادہ انحصار سے پیداواری لاگت کم ہوگی اور ماحولیاتی تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ سردار اویس لغاری نے مزید کہا کہ قومی صنعتی پالیسی اگلے پانچ برس کے لئے ایک اہم فریم ورک فراہم کرتی ہے جو صنعتوں کو پائیدار بنیادوں پر استحکام دے گی، صنعتی ترقی کو تیز کرے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔