وزیر اعظم شہباز شریف سے چین کے وزیر خارجہ کی ملاقات، اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ، پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے تحفظ میں چینی قیادت، حکومت اور عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہیں،وزیراعظم

جمعرات 21 اگست 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے تحفظ میں چین کی قیادت، حکومت اور عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے چین کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشنز ٹیکنالوجی، زراعت، صنعتکاری، کان کنی اور معدنیات سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور کابینہ کے سینئر ارکان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے چینی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے چین کی قیادت، حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے تحفظ میں ان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔

انہوں نے بنیادی امور پر چین کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کی سوچ کے مطابق چین کے ساتھ اپنی سدا بہار تزویراتی تعاون شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ کی دور اندیش قیادت اور پاکستان اور چین کے درمیان آہنی دوستی کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔

گزشتہ سال بیجنگ کے دورے کے دوران صدر شی جن پنگ کے ساتھ اپنی انتہائی خوشگوار اور تعمیری بات چیت کی یاد تازہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ تیانجن اور بیجنگ کے دورے کے منتظر ہیں، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس (سی ایچ ایس) میں شرکت کریں گے، اس کے علاوہ وہ چائنیز پیپلز وار آف ریزسٹنس اور ورلڈ اینٹی فاشسٹ وار میں فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور دیگر سینئر چینی رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، آئی سی ٹی، زراعت، صنعتکاری، کان کنی اور معدنیات اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے (سی پیک فیز ٹو) کے حوالے سے مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور علاقائی رابطوں کو بڑھانے میں سی پیک کے اہم کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا انتہائی مضبوط دوست اور سدا بہار تزویراتی شراکت دار سمجھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو تعاون اور اشتراک کی نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کو سراہتے ہوئے اعادہ کیا کہ چین علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔