وفاقی وزیربرائے آبی وسائل کاباغ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ

جمعرات 21 اگست 2025 22:30

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں معین وٹو نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری بہن بھائیوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے، سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے حکومت پاکستان فنڈز مہیا کرے گی، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ہر ایک متاثرہ ضلع کا دورہ کر کے رپورٹ وزیر اعظم پاکستان کو پیش کریں گے ریاست پاکستان کشمیریوں کیساتھ ہر مشکل میں شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کشمیر کے ایک ایک خاندان کی بحالی کو ہر صورت ممکن بنائیں گے، جانی نقصان کا کوئی ازالہ ممکن نہیں ہوتامگر مالی نقصان پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے،وزیر اعظم میاں شہباز شریف کا حکم ہے کہ متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کروا کر واپس آئیں، تباہ شدہ انفراسٹریکچر کی بحالی جلد ہو گی، وزیر اعظم پاکستان فنڈز مہیا کریں گے، دریاؤں، ندی نالوں کے قریب آبادیوں کو دو بارہ وہاں تعمیرات نہ کر نے دی جائیں بلکہ انکے متبادل انتظامات کیے جائیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ باغ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی آفیسران کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انکے ہمراہ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان بھی موجود تھے جبکہ اجلاس میں آزاد کشمیر کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردار ضیاء القمر نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کو بریفنگ دی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے باغ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ بھی لیا۔

میاں معین وٹو نے مزید کہا کہ کشمیری بہادر قوم ہیں ہر مشکل کا بہادری کیساتھ مقابلہ کیا ہے کبھی کسی مشکل میں کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں دیکھے حکومت پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور آخری خاندان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے واضح احکامات ہیں کہ کشمیر کے ہر متاثرہ خاندان کی بحالی ہماری ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر حکومت سردار ضیاء القمر نے انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ زلزلہ ہو یا سیلاب پاکستان کی حکومتوں اور عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے جس پر پوری ریاست کے لوگ اور حکومت انکی گزار ہے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان نے ہمشہ شہ رگ کا خیال رکھا ہے کشمیری پر امید ہیں کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں حکومت پاکستان بھر پور معاونت کرے گی۔