شام کی سیاسی منتقلی کی جانب پیش رفت امن و استحکام کی ’’امید کی کرن‘‘ہے، پاکستان

جمعہ 22 اگست 2025 17:51

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) پاکستان نے شدید مشکلات کے باوجود شام میں سیاسی منتقلی کی جانب ہونے والی پیش رفت سمیت ستمبر میں پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل امید کی ایک کرن ہے جو 14 سالہ خانہ جنگی کے بعد ملک میں امن اور استحکام کے قیام میں مدد دے سکتا ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ عثمان جدون نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئےکہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات، قومی تعاون اور علاقائی رسائی کو آگے بڑھانے میں شامی حکام اور عوام کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہیں جو اگرچہ نازک ہے لیکن امن اور بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی منتقلی کے عمل کی ساکھ اور اس کے موثر ہونے کا انحصار اس کی جامعیت پر ہو گا۔

(جاری ہے)

پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ کی انسانی امدادی سرگرمیوں کے لئے وسائل کی شدید کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر امداد کی اپیل کی تاکہ لاکھوں متاثرہ شامی شہریوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے سویڈا، مغربی ساحل اور شمال مشرقی شام کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ پاکستانی مندوب نے عام شہریوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ان جرائم میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شام کو اس پیچیدہ ماحول میں نئی فالٹ لائنز یا غیر ملکی مداخلت کی بجائے حقیقی سیاسی حمایت اور بین الاقوامی مدد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے سکیورٹی کے حوالے سے کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ برقرار ہے، غیر ملکی دہشت گرد جنگجوؤں اور داعش سمیت دہشت گرد وابستگی رکھنے والے گروہوں کی موجودگی کے ساتھ داعش عبوری حکام کو غیر مستحکم کرنے اور موجودہ کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔پاکستانی نمائندہ نے سویدا، درعا، دمشق اور مقبوضہ گولان سمیت شام کی سرزمین پر بار بار اسرائیلی حملوں کی بھی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی، علاقائی امن کے لیے خطرہ اور شام کی بحالی کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔پاکستانی نمائندہ نے کہا کہ شام کا امن اور استحکام کا راستہ بین الاقوامی یکجہتی، اس کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے احترام اور انسانی اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ٹھوس تعاون کا مطالبہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان شامی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ وہ ایک خودمختار، متحد، جامع، پرامن اور خوشحال شام کے لئے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔