مودی سرکارکا جنگی جنون برقرار ، بھارتی فوج نے بڑے پیمانے پر ڈرون مشقیں شروع کر دیں

جمعہ 22 اگست 2025 20:49

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء) بھارت میں مودی سرکار کے جنگی جنون کے تحت بھارتی فوج نے بڑے پیمانے پر ڈرون مشقیں شروع کر دی، آپریشن سندور کی ہزیمت چھپانے کے لیے بڑے ہتھیاروں کے بعد عسکری ڈرونز پر انحصار کرنا شروع کردیا۔۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کی مشرقی کمانڈ نے 18 اگست کو اگرتلا میں ''ڈرون پرہار دوم'' کے نام سے فوجی مشق کا انعقاد کیا، جس میں جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور ان کے جارحانہ استعمال کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مشقوں کا مقصد فوجی فارمیشنز کے درمیان ہم آہنگی اور حربی تیاری کو فروغ دینا تھا۔ اس دوران ڈرونز کے ذریعے انٹیلی جنس اکٹھی کرنے، نگرانی اور ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق بھارت کی یہ جارحانہ مشقیں خطے میں عدم استحکام کو ہوا دینے کے مترادف ہیں۔ مودی سرکار آپریشن سندور میں ہونے والی ہزیمت کو چھپانے کے لیے اب بڑے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ عسکری ڈرونز پر انحصار کر رہی ہے۔

پاکستان بارہا عالمی سطح پر بھارت کے سرحد پار دہشتگردی میں ملوث ہونے کے شواہد پیش کر چکا ہے۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجی افسران ڈرونز کے ذریعے آئی ای ڈیز اور رقوم پہنچانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی یہ ڈرون پالیسی نہ صرف جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ مستقبل میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مزید کشیدگی اور دہشتگردی کا پیش خیمہ بھی بن سکتی ہے۔