پاکستان کو جولائی میں 208.1 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری موصول، چین 25 فیصد کیساتھ سرِفہرست

جمعہ 22 اگست 2025 22:00

iاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء)پاکستان کو مالی سال26- 2025 کے ابتدائی ماہ جولائی میں 208.1 ملین ڈالر کی خالص غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) موصول ہوئی ہے، جس میں چین سب سے بڑا سرمایہ کار ملک بن کر سامنے آیا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ ترین اعداد و شمارسے معلوم ہوا کہ چین کی جانب سے جولائی میں 51.5 ملین ڈالر کی خالص سرمایہ کاری کی گئی، جو مجموعی ایف ڈی آئی کا 24.7 فیصد بنتی ہے۔

چین سے مجموعی سرمایہ کاری 89 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی، تاہم 37.6 ملین ڈالر کی رقم واپس جانے کے بعد خالص سرمایہ کاری 51.5 ملین ڈالر رہ گئی۔ گوادر پرو کے مطابق جولائی کے دوران دیگر نمایاں سرمایہ کار ممالک میں کینیڈا (37.8 ملین ڈالر)، ہانگ کانگ (30.1 ملین ڈالر)، سوئٹزرلینڈ (20.6 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (19.7 ملین ڈالر)، برطانیہ (16.9 ملین ڈالر)، سنگاپور (9.1 ملین ڈالر)، اور امریکہ (3.6 ملین ڈالر) شامل تھے۔

(جاری ہے)

باقی سرمایہ کاری دیگر شراکت دار ممالک سے آئی۔ گوادر پرو کے مطابق گزشتہ مالی سال25 - 2024کے دوران پاکستان کو مجموعی طور پر 2.46 ارب ڈالر کی ایف ڈی آئی موصول ہوئی تھی، جس میں سے 49.9 فیصد یعنی 1.22 ارب ڈالر صرف چین سے آئے۔ یہ سرمایہ کاری مالی سال24 - 2023 کے مقابلے میں تقریباً دوگنی ہے، جب بیجنگ سے 643.2 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔ گوادر پرو کے مطابق تازہ اعداد و شمار نئے مالی سال کے لیے ایک مثبت آغاز کی عکاسی کرتے ہیں، جو کہ چین کے وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ( سی پی سی) کی سینٹرل کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن، وانگ ای کی اسلام آباد آمد کے موقع پر سامنے آئے ہیں۔

وہ پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے چھٹے اسٹریٹجک مکالمے میں شرکت کے لیے آئے ، جو 21 اگست 2025 کو منعقد ہوا۔ اس مکالمے کی مشترکہ صدارت وانگ ای اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی