Live Updates

عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کا بھی جسمانی ریمانڈ منظور

ہفتہ 23 اگست 2025 17:11

عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کا بھی جسمانی ریمانڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9مئی جناح ہائوس حملہ کیس میں گرفتار کیے گئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کے 30دن کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 5دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شیر شاہ کے مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست ریمانڈ پر سماعت کرنے والے جج منظر علی گل نے میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔

جج منظر علی گل نے کہا کہ میڈیا کا کوئی بھی نمائندہ کمرہ عدالت میں نہیں ہو گا، سکیورٹی نے تمام میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔جج منظر علی گل نے کہا کہ آئندہ میری عدالت میں کوئی میڈیا نمائندہ موبائل لے کر نہ آئے، میڈیا نمائندگان آنا چاہیں تو کاپی پینسل لے کر آئیں۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے ملزم شیر شاہ کو اے ٹی سی میں پیش کیا،ملزم کو تھانہ سرور روڈ کے جناح ہائوس حملہ کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔

پراسیکیوشن نے موقف اختیار کیا کہ ملزم جائے وقوعہ پر موجود تھا، موقع پر اسلحہ کا استعمال کیا گیا، ویڈیو میں بھی ملزم کی موجودگی پائی گئی، ملزم کے سوشل میڈیا اکائونٹس ریکور کرنے ہیں، ملزم کو 30روز کے جسمانی ریمانڈ پر حوالہ پولیس کیا جائے۔ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ شیرشاہ کو 27ماہ بعد گرفتار کیا گیا، گرفتاری غیر قانونی ہے، ملزم اپنے بھائی کے ساتھ اسی عدالت میں پیش ہوا، اور پھر اسے ہی گرفتار کر لیا گیا، پولیس 27ماہ تک کہاں تھی سپریم کورٹ کی ویڈیو ثبوت کے حوالے سے واضح ہدایات ہیں۔

ملزم کے وکیل نے کہا کہ اسی عدالت نے تاخیر سے گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا، عدالت پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر کے ملزم کو ڈسچارج کرے۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شیر شاہ کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے 30دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرکے ملزم کو پانچ دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا۔یاد رہے کہ جمعہ کے روز 9مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شاہ ریز عظیم کو بھی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں ملزم کے 30روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے عمران خان کے بھانجے کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات