بی جے پی جو قوانین بنا رہی ہے ، وہ کل اسی کیخلاف استعمال ہو سکتے ہیں، عمر عبداللہ

ہفتہ 23 اگست 2025 17:20

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت جو قوانین بنا رہی ہے ، کل وہ قوانین اسی کے خلاف استعمال ہو سکتے ہیں کیونکہ یہ جماعت ہمیشہ اقتدار میں نہیں رہے گی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگرمیں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے حال ہی میں تنظیم نو ترمیمی بل سمیت جو نئے بل پارلیمنٹ میں پیش کیے ہیں ، انہیں خدشہ ہے کہ ان قوانین کا بھی غلط ستعمال کیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ بی جے پی اب تک صرف حزب اختلاف کے رہنمائوں کو ہی نشانہ بناتی رہی ہے ۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ اگر مقصد بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہے تو حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ 2014 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اس نے کیا حاصل کیا ہے۔

(جاری ہے)

عمر عبداللہ نے کہا کہ میں بی جے پی میں اپنے دوستوں کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ وہ ہمیشہ اقتدار میں نہیں رہیں گے اورجو قوانین وہ آج بنا رہے ہیں وہ کل ان کے خلاف استعمال ہوسکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ قوانین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کبھی بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ جموںوکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے جدوجہد اب نئے سرے سے شروع کی جائے گی کیونکہ ہمیں پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس سے جو توقعات تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں۔یاد رہے کہ مودی حکومت نے حال ہی میں تین نئے بل لوک سبھا میں پیش کیے ہیں۔ ان بلوں میں وزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ یا وزراء کو بدعنوانی کے الزامات یا 30 دن حراست میں رہنے کی صورت میں عہدوں سے ہٹانے کی بات کی گئی ہے۔ حزب اختلاف کے رہنمائوں نے ان بلوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔