وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ورلڈ ایکسپو 2025 آمد

ایکسپو ایسوسی ایشن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اکی نوکی ماناٹسو نے پرتپاک خیرمقدم

ہفتہ 23 اگست 2025 17:59

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ورلڈ ایکسپو 2025 آمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ورلڈ ایکسپو 2025 آمدپر ایکسپو ایسوسی ایشن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اکی نوکی ماناٹسو نے پرتپاک خیر مقدم کیا اور نمائش سے متعلق بریفنگ دی ۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ’’اوساکا ایکسپو 2025کے لئے ’’بہتر زندگی کے لئے مستقبل کے معاشرے کی تشکیل‘‘ کا عنوان منتخب کرنے کو سراہا ۔

ایکسپو 2025 میں انسانی جان بچانے، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور خدمات عامہ میں بہتری سے متعلق سازو سامان اور طریقوں کو نمایاں کیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستانی پویلین کا بھی دورہ کیا، پویلین آمد پر وزیراعلی پنجاب کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے پاکستان پویلین آنے والے پاکستانیوں اور غیر ملکی سیاحوں سے گفتگو بھی کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب کے شہروں کو فیوچر سٹی کے تصور پر تعمیر و ترقی دیں گے۔عالمی نمائش میں دنیا بھر سے نامور ماہرین مستقبل میں عوام اور معاشروں کو پیش آنے والے مسائل اور ان کے حل کی تجاویز پیش کر رہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے ماحول دوست خوراک و زراعت کا سٹال (KUBOTO) بھی دیکھا ۔ایکسپو2025ء میں 150 جاپانی اور غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے سٹال قائم کئے ہیں ۔وزیراعلی پنجاب کو ''گرینڈ رنگ'' (Grand Ring) کا بھی دورہ کرایا گیا ۔یہ دنیا کی سب سے بڑی لکڑی سے تعمیر ہونے والی منفرد عمارت ہے،جو 20 میٹر اونچی اور 61ہزار مربع میٹر پر پھیلی ہوئی ہے ،نمائش میں ’’تاریک رات میں قوس قزح‘‘کے عنوان سے واٹر اینڈ لائٹ شو بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔