صحافت ریاست کا چوتھا ستون ،صحافی معاشرے کا آئینہ ہیں،راجہ انصاری ایڈووکیٹ

صحافیوں کے لیے لائف اور ہیلتھ انشورنس جیسے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں،ترجما ن حکومت پاکستان سندھ

ہفتہ 23 اگست 2025 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)ترجمان حکومت پاکستان سندھ راجہ خلیق الزماں انصاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صحافت ملک کا چوتھا ستون یے اور صحافی ہمارے معاشرے کا آئنہ ہیں، صحافیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری سمجھتے ہیں،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کیدور حکومت میں صحافیوں کا تحفظ، لائف انشورنس اور ہیلتھ انشورنس کے لیے کیے جانے والے اقدامات اس بات کا غماز ہیں کہ وفاق صحافیوں کو طبی اور تعلیمی سہولیات اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتا ہے ہم صحافیوں کو وفاق سے ملنے والی صحت کی موجودہ سہولیات میں مزید بہتری لائیں گے، راجہ انصاری کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے ملک بھر کے صحافیوں کے لیے مضبوط میکنزم بناکر ان کے مسائل کا تدراک کریں، ترجمان حکومت پاکستان سندھ راجہ خلیق الزماں انصاری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صحافیوں کو حاصل موجودہ مراعات اور ہنگامی حالات میں ملنے والے حکومتی بجٹ میں اضافہ کی خواہشمند ہے،وفاقی حکومت صحافیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لانا چاہتی ہے،ترجمان راجہ انصاری نے مزید کہا کہ صحافیوں کو روزگار کے تحفظ کیلئے موثر حکمت عملی اپنا رہے ہیں اس سلسلے میں میڈیا مالکان ، وزیراعظم اور وزیر اطلاعات سے ون ٹو ون ملاقات کرکے ایک بہتر لائحہ عمل تیار کریں گے،ترجمان حکومت پاکستان راجہ انصاری کا کہنا تھا کہ اداروں کو ملنے والے اشتہارات کو صحافیوں کے مستقل روزگار سے مشروط کریں گے،حکومتوں کی جانب سے صحافیوں کو ملنے والے فنڈز کے اجرا میں حائل رکاوٹیں آسان کرنا چاہتے ہیں، صحافیوں کو میڈیکل الاونسز اوراموات کی مد میں ملنے والے معاوضہ کو ناکافی سمجھتے ہیں،ترجمان حکومت پاکستان سندھ راجہ انصاری کا کہنا تھا کہ ہم ریاستی ، سرکاری اداروں اور صحافیوں کے درمیان بہتر ورکنگ ریلیشن چاہتے ہیں۔