بھارتی خفیہ ایجنسی ''را ''کا پاکستان میں خونریزی کا ایک اورمنصوبہ بے نقاب، دہشت گردوں کا پاکستان میں قتل وغارت کے لیے بھارت سے رقوم وصول کرنے کا اعتراف

ہفتہ 23 اگست 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ''را''کی سرپرستی میں دہشت گردوں کا ایک اورنیٹ ورک پکڑا گیا ہے جس سے خفیہ آپریشنز اورپر تشدد کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی بھارتی کوششیں بے نقاب ہوگئی ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کی طرف سے دہشت گردوں کو مالی اورلاجسٹک امداد فراہم کرنے کا انکشاف اس وقت ہوا جب گرفتار ہونے والے دہشت گردوں نے پاکستان میں ہدف بناکر قتل کرنے کے لیے بھارت سے رقوم وصول کرنے کا اعتراف کیا۔

یہ گرفتاریاں بھارت کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان گرفتاریوں سے پاکستان کے امن کے خلاف بھارت کی خفیہ جنگ آشکار ہوئی ہے ۔ ان گرفتاریوں سے بھارت اور علاقائی عدم استحکام کے درمیان ایک سنگین تعلق ظاہرہوتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بھارت نے پاکستان میں عدم استحکام پید اکرنے کے لئے د ہشت گردی کارروائیوں کی سرپرستی کی ہو بلکہ اس سے پہلے بھی اس طرح کے کئی نیٹ ورک پکڑے گئے ہیں جن کی سرپرستی بھارتی خفیہ ایجنسی ''را''یا براہ راست بھارت کے فوجی افسران کررہے تھے ۔

کلبھوشن یادو کی گرفتاری اس کی ایک مثال ہے۔بھارت صرف اپنے ہمسایہ ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیاں نہیں کراتا بلکہ امریکہ ،کینیڈااورآسڑیلیا میں بھی اس کے کئی خفیہ ایجنٹ پکڑے گئے ہیں جو بھارتی حکومت کے کہنے پر ان ممالک میں سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے میں ملوث تھے۔عالمی برادری کو اس بات پر سوچنا چاہے کہ بھارت کواپنا یہ خونی کھیل آخر کب تک جاری رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔

پاکستان نے پہلے بھی ملک میں جاری دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے نا قابل تردید ثبوت پیش کئے ہیں۔وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اس کا سنجیدہ نوٹس لے اور بھارت کو اس کے جرائم پر جوابدہ بنائے۔ جب تک بھارت کو لگام دینے کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے جاتے ، وہ اپنی چانکیائی پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے عالمی امن واستحکام کے لئے خطرات پیدا کرتا رہے گا۔