کراچی، بارشوں میں کرنٹ لگنے سے دو نوجوانوں کی شہادت، ناظمہ کراچی جاوداں فہیم کا اظہار افسوس

یہ حادثہ نہیں اداروں کی مجرمانہ غفلت ہے ،ْکے الیکٹرک اور بلدیاتی اداروں کی نااہلی سے ہر سال درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں ،ْ جاوداں فہیم

ہفتہ 23 اگست 2025 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) حالیہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے کے باعث دو نوجوان بھائیوں کی المناک شہادت پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم، نائب ناظمہ ہاجرہ عرفان اور ضلعی ٹیم نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور والدہ سمیت اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس سانحے نے پورے شہر کو افسردہ کر دیا ہے اور جماعت اسلامی متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

جاوداں فہیم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ محض حادثہ نہیں بلکہ اداروں کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہابارشیں اور قدرتی آفات زندگی کا حصہ ہیں لیکن شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

افسوس ہے کہ کے الیکٹرک اور بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے باعث ہر سال درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کے الیکٹرک اور بلدیاتی ادارے اپنی کارکردگی پر سنجیدگی سے نظر ثانی کریں اور جدید حفاظتی اقدامات اختیار کریں تو ایسے سانحات سے باآسانی بچا جا سکتا ہے۔ جاوداں فہیم نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کو فوری طور پر مالی معاوضہ فراہم کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں کسی اور ماں کی گود یوں نہ اجڑے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بارشوں کے پیش نظر بجلی کے نظام کو درست کرنے، ٹوٹی ہوئی کیبلز کی فوری مرمت اور حفاظتی اقدامات کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔جماعت اسلامی کی ضلعی خواتین ٹیم نے متاثرہ والدہ کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ان کے غم و دکھ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کی جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔