بھارتی ٹیرف پالیسی امریکی معیشت تباہ کررہی ہے، قونصلروائٹ ہائوس

بھارت روس سے تیل خرید کریوکرین جنگ میں بالواسطہ طور پر روس کو مالی فائدہ پہنچا رہا ہے، پیٹرنوارو

جمعرات 28 اگست 2025 15:21

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)وائٹ ہاس کے سینئر قونصلر برائے ٹریڈ اینڈ مینوفیکچرنگ پیٹر نوارو نے بھارت اور یوکرین کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی ہے۔ امریکی جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ امریکی معیشت کو بھارت کے بلند تجارتی ٹیرف اور یوکرین تنازع کے اخراجات کے باعث شدید دبائو کا سامنا ہے۔پیٹر نوارو کے مطابق بھارت روس سے تیل خرید کر یوکرین جنگ میں بالواسطہ طور پر روس کو مالی فائدہ پہنچا رہا ہے جس کا نقصان امریکا کو ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے عائد بھاری ٹیرف امریکی ملازمتوں کے خاتمے، فیکٹریوں کی بندش اور آمدنی میں کمی کا باعث بن رہا ہے، جس کا براہِ راست اثر امریکی ٹیکس دہندگان پر پڑ رہا ہے۔یوکرین کے حوالے سے پیٹر نوارو کا کہنا تھا کہ یورپی ملک مسلسل امریکا سے مزید مالی امداد کا مطالبہ کر رہا ہے جس کے باعث امریکی صارفین، کاروبار اور محنت کش طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر بھارت نے تجارتی اصلاحات نہ کیں تو عالمی سطح پر امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔پیٹر نوارو نے مزید کہا کہ روس یوکرین اصل میں مودی کی جنگ ہے، اور امریکا کو اس کے اثرات بھگتنا پڑ رہے ہیں۔