Live Updates

گوردوارہ کرتارپور صاحب سے یاتریوں اور مقامی افراد کا کامیاب انخلا

جمعرات 28 اگست 2025 22:15

گوردوارہ کرتارپور صاحب سے یاتریوں اور مقامی افراد کا کامیاب انخلا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور/ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ مشکل وقت میں سکھ برادری کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی۔ گوردوارہ کرتارپور صاحب میں سیلابی صورتحال کے دوران پاک فوج، ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے مل کر دن رات کی انتھک محنت سے ایک کامیاب ریسکیو آپریشن مکمل کیا، جس کے نتیجے میں سو (100) سے زائد یاتریوں اور مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ سیلابی پانی کے باوجود گوردوارہ کرتارپور صاحب میں تاریخی گرنتھ اور دیگر قیمتی اشیاء مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے تحت پیشگی حفاظتی اقدامات کیے گئے، جس کے باعث بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے جان بوجھ کر اڑھائی لاکھ کیوسک کا ریلا چھوڑا، جو کھلی آبی دہشتگردی اور پنجاب کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔

بھارت کی یہ کوششیں سکھ کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی ناکام کوشش ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گوردوارہ کرتارپور صاحب میں دس فٹ کے قریب پانی کھڑا ہے لیکن انتظامیہ کی کوششوں سے چار سے پانچ دن میں پانی اتر جائے گا۔ اس کے بعد گوردوارہ ایک بار پھر یاتریوں کے لیے کھول دیا جائے گا اور دنیا بھر سے آنے والے سکھ زائرین اپنی مذہبی رسومات دوبارہ ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کو مایوس نہیں کریں گے۔ حکومت پنجاب، سکھ برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور جلد ہی کرتارپور میں معمول کی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات